1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سینڈی‘ گزر گیا، زندگی پھر رواں

31 اکتوبر 2012

ہولناک طوفان ’سینڈی‘ تباہی مچانے کے بعد رخصت ہو چکا ہے اور متاثرہ علاقوں کے شہری آج سے اپنے معمولات زندگی پھر سے شروع کر رہے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد پچاس اور مالی نقصان کا ابتدائی تخمینہ بیس ارب ڈالر بتایا جا رہا ہے۔

Sandy Schäden New York City
تصویر: picture-alliance/dpa

8.2 ملین آبادی کے حامل سب سے بڑے امریکی شہر نیویارک کے قدرے بلندی پر واقع علاقوں میں زندگی معمول پر آنے لگی ہے، بسیں چلنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز بھی پھر سے کھل رہے ہیں۔

اس سے پہلے زیر زمین ریلوے کی سرنگیں سمندر کے کھاری پانی سے بھر گئی تھیں۔ ’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق صرف نیویارک میں مرنے والوں کی تعداد بائیس تک پہنچ گئی ہے۔ نیویارک کے متعدد شہری بدستور 76 ہنگامی رہائشوں میں اپنے گھروں کو واپسی کے منتظر ہیں۔ شہر کے میئر مائیکل بلومبرگ کا کہنا تھا کہ یہ بہت تباہ کن طوفان تھا اور شاید نیویارک کی تاریخ کا ہولناک ترین سمندری طوفان تھا۔ کوئینز میں 80 مکانات جل کر راکھ ہو گئے جبکہ لانگ آئی لینڈ اور ساحل سے قریب دیگر علاقوں میں سینکڑوں عمارات میں پانی بھر گیا۔

ساحل سے قریب دیگر علاقوں میں سینکڑوں عمارات زیر آب آ چکی ہیںتصویر: AP

نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق سینڈی کے گزر جانے کے چوبیس گھنٹے بعد تک بھی سات ملین امریکی شہری بجلی سے محروم ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما نے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے سربراہوں کے ساتھ ایک ملاقات میں اس امر پر زور دیا کہ بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ نیویارک کے میئر بلومبرگ نے شہر کو درپیش دو چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا:’’ہمیں دو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے:اپنے آمد و رفت کے نظام کو پھر سے چالُو کرنا اور بجلی کی فراہمی بحال کرنا۔ ‘‘

نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ کے مطابق آمد و رفت کے نظام اور بجلی کی بحالی اہم ترین چیلنجز ہیںتصویر: AP

باراک اوباما سمندری طوفان سے سب سے زیادہ متاثرہ ساحلی شہر اٹلانٹک سٹی کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ ریاست نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی کے ساتھ مل کر طوفان کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیں گے۔

آج بدھ کو پہلی مرتبہ نیویارک کے بازار حصص کے دروازے بھی کھول دیے گئے جبکہ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ اتوار کو اس شہر کی وہ مشہورِ زمانہ میراتھون دوڑ بھی پروگرام کے مطابق منعقد ہو سکے گی، جس میں دنیا بھر سے 47 ہزار کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ نیویارک کے جان ایف کینیڈی اور نیو آرک ایئرپورٹس بھی آج سے کھل گئے ہیں۔

C.Sarre/aa/ai

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں