سینیئر آئرِش و یورپی سیاستدان ایان پیسلی کی رحلت
13 ستمبر 2014
شعلہ بیان تقریر کرنے والے آئرش سیاستدان ایان پیسلی کو اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کے تناظر میں خاص شہرت حاصل تھی۔ وہ برطانیہ کی عملداری میں شمالی آئرلینڈ کے فرسٹ منسٹر بھی تھے۔ پیسلی کی رحلت کا اعلان اُن کی بیوی ایلین کی جانب سے کیا گیا۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ اُن کی آخری رسومات صرف خاندان کے افراد کی موجودگی میں خاموشی سے ادا کی جائیں گی۔ ایان پیسلی نے اپنی آخری رسومات کو انتہائی سادگی سے ادا کرنے کی وصیت کر رکھی تھی۔ اُن کے لیے میموریل سروس رواں برس کے آخر میں رکھی گئی ہے۔
ایان پییسلی نے سن 2007 میں شِن فین کے ساتھ حکومت سازی کی ڈیل کو طے کیا تھا۔ اُس وقت ایسے کسی معاہدے کا تصور بھی ممکن نہیں تھا۔ شِن فین کالعدم آئرِش ریپبلکن آرمی کا سیاسی ونگ قرار دیا جاتا ہے۔ ایان پیسلی برطانیہ نواز تھے اور وہ پروٹیسٹنٹ چرچ سے بھی وابستہ رہے اور اِسی وابستگی کے دوران اُنہوں نے اپنی سیاسی جماعت کو تشکیل دیا تھا۔ وہ اَلسٹر کے ٹاؤن کے فری پریسبیٹیریئن چرچ کے پادری رہتے ہوئے قدامت پسند ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی کے سربراہ بھی تھے۔ انہوں نے جون سن 2008 میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ وہ یورپی پارلیمنٹ کے رکن بھی رہے تھے۔
امریکا، بیلفاسٹ، لندن اور ڈبلن سے ایان پیسلی کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ خراج تحسین پیش کرنے والے پیسلی کی آئرِش سیاست پر مرتب ہونے والے اثرات کا بھرپور انداز میں حوالہ دے رہے ہیں۔ سن 2007 میں آئرِش سیاسی جماعت شِن فین کے ساتھ حکومت سازی کی ڈیل کے بعد پیسلی کے نائب فرسٹ منسٹر بننے والے مارٹن مک گِنس نے ایان پیسلی کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مارٹن مک گِنس سابقہ آئرِش ریپبلکن پارٹی کے کمانڈر رہ چکے تھے اور وہ آج بھی شمالی آئرلینڈ کے ڈپٹی فرسٹ منسٹر ہیں۔ مک گِنس کا کہنا ہے کہ اختلافات کے باوجود حکومت سازی کے معاملات آگے بڑھے اور انجام کار یہ تعلق اُن کے ساتھ دوستی میں تبدیل ہو گیا تھا۔
سابق امریکی صدر بِل کلنٹن بھی ایان پیسلی کو خراج تحسین پیش کرنے والوں میں شامل ہیں۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ سیاست میں وہ طویل عرصے تک ایک متنازعہ شخصیت رہے تاہم شمالی آئرلینڈ میں سیاسی استحکام کے لیے جو سیاسی اثرات انہوں نے مرتب کیے وہ بے بہا ہیں۔ شمالی آئرلینڈ کے فرسٹ منسٹر اور اُن کے جانشین پیٹر رابنسن نے پیسلی کو اتحاد کا عظیم نشان قرار دیا۔ جمہوریہ آئرلینڈ کے وزیراعظم اینڈا کینی نے بھی پیسلی کی سیاسی خدمات کی تعریف کی۔ سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے نزدیک ایان پیسلی کی اپنے نظریات کے ساتھ وابستگی انتہائی اہمیت کی حامل تھی۔