سیکس ایک ’خوبصورت شے‘ ہے، پوپ فرانسس
6 اپریل 2023کیتھولک مسیحیو ں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بدھ کے روز جاری ہونے والی ایک دستاویزی فلم میں سیکس کی خوبیوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے "خدا کی طرف سے انسانو ں کو عطا کی گئی خوبصورت چیزوں میں سے ایک" قرار دیا۔
چھیاسی سالہ پوپ نے یہ تبصرہ ڈزنی کی تیار کردہ دستاویزی فلم ’دا پوپ آنسرز‘ میں کیا ہے، جس میں روم میں سن بیس کی دہائی کے اوائل میں دس افراد کے ساتھ ہونے والی ایک میٹنگ کی تصویر کشی کی گئی ہے۔
پوپ فرانسس سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے گئے، جن میں ایل جی بی ٹی کے حقوق، اسقاط حمل، فحش فلموں کی صنعت، سیکس، عقیدہ اور کیتھولک چرچ کے اندر جنسی استحصال شامل ہیں۔
’ہم جنس پرست ہونا کوئی جرم نہیں،‘ پوپ فرانسس
انہوں نے دستاویزی فلم میں کہا کہ "سیکس ان خوبصورت چیزوں میں سے ایک ہے جو خدا نے انسان کو عطا کی ہے۔"
انہوں نے مشت زنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "اپنے آپ کو جنسی طور پر ظاہر کرنا غنا یا امیری ہے۔ لہذا کوئی بھی چیز جو حقیقی جنسی اظہار سے ہٹ جاتی ہے وہ آ پ کو کمتر کرتی ہے اور اس امیری کو ختم کردیتی ہے۔"
اسقاط حمل ناقابل قبول، پوپ
پوپ فرانسس سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ "نان بائنری شخص" کیا ہے۔ انہوں نے اس کا جواب اثبات میں دیا۔ انہوں نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کیتھولک چرچ کی طرف سے ایل جی بی ٹی افراد کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا، "تمام افراد خدا کے بچے ہیں، تمام افراد۔ خدا کسی کو مسترد نہیں کرتا۔ خدا ایک باپ ہے۔ اور مجھے کسی کو چرچ سے نکالنے کا کوئی حق نہیں ہے۔"
اسقاط حمل کے بارے میں مسیحی رہنما کا کہنا تھا کہ پادریوں کو ان خواتین کے لیے"مہربان" ہونا چاہئے جنہوں نے اپنا حمل ساقط کردیا ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ یہ عمل ناقابل قبول ہے۔
پوپ فرانسس نے کہا "چیزوں کو ان کے نام سے پکارنا اچھا ہے۔ اگر کسی کا اسقاط ہوا ہے تو یہ ایک الگ بات ہے لیکن اس عمل کو درست ثابت کرنا بالکل دوسری بات ہے۔"
بچے پیدا کرنے کے بجائے جانوروں کو پالنا خود غرضی ہے، پوپ فرانسس
پوپ کے ان تبصروں کو ویٹیکن کے سرکاری اخبار L'Osservatore Romano نے شائع کیا ہے، جس میں نوجوانوں کے ساتھ ان کی گفتگو کو"بے لاگ اور مخلصانہ گفتگو" قرار دیا گیا ہے۔
ج ا/ ص ز (روئٹرز)