سی آئی اے شامی باغیوں کو خفیہ معلومات فراہم کرتی رہی ہے، امریکی اخبار
23 مارچ 2013اخبار نے موجودہ اور سابق امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سی آئی اے کی یہ کوشش دراصل امریکی انتظامیہ کی سوچ میں آنے والی اس تبدیلی کا اشارہ ہے کہ جس کا مقصد سیکولر باغی جنگجوؤں کو مضبوط بنانا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی ہفتے کے روز شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کی طرف سے اپنے افسران کو ترکی بھی بھیجا گیا تاکہ ان شامی باغیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں مدد کی جا سکے جنہیں خلیجی ممالک کی طرف سے اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ تاہم اخبار کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے بعض اہلکاروں نے خدشات ظاہر کیے ہیں کہ بعض ہتھیار اسلامی شدت پسندوں کے ہاتھوں میں بھی جا رہے ہیں۔
جرنل کی رپورٹ میں مزيد بتایا گیا ہے کہ عراق میں تعینات سی آئی اے کے اہلکاروں کو وائٹ ہاؤس کی طرف سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عراقیوں کی طرف سے القاعدہ سے منسلک جنگجوؤں کے سرحد پار کر کے شام جانے پر کنٹرول کے لیے ایلیٹ انسداد دہشت گردی یونٹس کے ساتھ مل کر کام کریں۔
اس امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مغرب ایسے باغیوں کی سرپرستی کرتا ہے جو فری سیریئن آرمی کی طرف جھکاؤ رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ فری سیریئن آرمی دراصل شامی باغیوں کے مرکزی اپوزیشن گروپ ’سیریئن اپوزیشن کولیشن‘ کی حامی ہے۔
اخبار نے شامی اپوزیشن کے کمانڈرز کے حوالے سے لکھا ہے کہ سی آئی اے برطانیہ، فرانس اور اردن کی انٹیلیجنس سروسز کے ساتھ مل کر باغیوں کو مختلف طرح کے ہتھیار استعمال کرنے کی تربیت دینے میں بھی مدد کرتی رہی ہے۔ تاہم اخبار کے مطابق باغیوں کو فراہم کی جانے والی اس مدد سے براہ راست فوجی کارروائی کرنے سے متعلق امریکی فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ یاد رہے کہ امریکا شام کے خلاف براہ راست فوجی کارروائی کو اب تک خارج از امکان قرار دیتا رہا ہے۔
aba/as (AFP)