1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی اپوزیشن کی خفیہ امریکی پشت پناہی : وکی لیکس

18 اپریل 2011

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں پیر کو چھپنے والی ایک رپورٹ کے مطابق وکی لیکس سفارتی کیبلز نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ طور پر شام میں اپوزیشن گروپوں کی پشت پناہی کی تھی۔

واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والے وکی لیکس کے اس تازہ ترین انکشاف میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ 2006 ء سے شام کے جلا وطنوں کے ایک گروپ کی پشت پناہی کر رہا ہے، جو لندن میں قائم ایک سیٹیلائٹ ٹی وی چینل ’ بردۃ‘ چلا رہا ہے۔ اس چینل کی مالی معاونت سمیت شام کے اندر حکومت مخالف باغیوں کی سرگرمیوں کے لیے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اب تک چھ ملین ڈالر خرچ کر چکا ہے۔

’بردۃ‘ ٹی وی چینل نے اپریل 2009 ء میں نشریات کا آغاز کیا تھا۔ تاہم اس نے گزشتہ ماہ شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کی بڑی پیمانے پر کوریج کا سلسلہ جاری رکھا اور شامی صدر بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے کے لیے شام میں جاری سیاسی مہم کی ٹیلی وژن نشریات کے ذریعے بھرپور تشہیر کی۔

واشنگٹن پوسٹ نے مزید لکھا ہے کہ شام کی اپوزیشن کی مدد کے لیے امریکی پیسے کے بہاؤ کا سلسلہ دراصل سابق امریکی صدر جاج ڈبلیو بُش کے دور میں اُس وقت شروع ہوا تھا، جب 2005 ء میں دمشق حکومت کے ساتھ امریکہ کے سیاسی تعلقات جمود کا شکار ہوگئے تھے۔

جارج بُش کے دور میں شام کے حکومت مخالفین کی مالی معاونت کا سلسلہ شروع ہوا تھاتصویر: AP

امریکی اخبار نے مزید تحریر کیا ہے کہ شام کے اپوزشن گروپوں کی مالی معاونت اور پشت پناہی کا سلسلہ موجودہ امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں بھی جاری رہا جبکہ دوسری جانب اوباما انتظامیہ نے بشار الاسد کے ساتھ امریکہ کے سیاسی تعلقات دوبارہ سے اُستوار کرنے کی کوششیں بھی شروع کیں۔ اس سال جنوری میں وائٹ ہاؤس کی طرف سے دمشق میں امریکی سفیر کی تقرری کا اعلان بھی کیا گیا۔ امریکہ کی طرف سے یہ اقدام گزشتہ چھ سالوں میں پہلی بار کیا گیا۔

آیا امریکہ شام کے اپوزیشن گروپوں کی پُشت پناہی ہنوز جاری رکھے ہوئے ہے، واشنگٹن پوسٹ نے تاہم لکھا ہے کہ اس بارے میں یقین سے کُچھ نہیں کہا جا سکتا۔ تاہم وکی لیکس کیبلز اس طرف اشارے کر رہے ہیں کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے شام کے اپوزیشن گروپوں کی مالی معاونت کے لیے کم از کم گزشتہ ستمبر تک رقم مختص کی گئی تھی۔

شام میں صدر بشار الاسد کے خلاف بغاوت خاصی سنجیدہ شکل اختیار کر چُکی ہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والے حکومت مخالف پُر تشدد مظاہروں کی آگ پوری ملک میں پھیلتی دکھائی دے رہی ہے۔ انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپوں کے اندازوں کے مطابق مظاہروں کے دوران کم از کم 200 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ شامی حکام اس کا ذمہ دار مسلح باغیوں کو قرار دے رہے ہیں۔

اوباما انتظامیہ نے بظاہر شام کے ساتھ سیاسی تعلقات بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیےتصویر: dapd

اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ماضی میں منظر عام پر نہ آنے والے کیبلز سے پتہ چلا ہے کہ دمشق میں امریکی سفارتخانے کے اہلکار 2009 ء میں اُس وقت فکر مند ہو گئے تھے، جب شامی خفیہ ادارے کی طرف سے امریکی سرگرمیوں کی نوعیت کے بارے میں سوالات اُٹھائے جانے لگے۔ اخبار کے مطابق کیبلز انکشافات سے پتہ چلا ہے کہ 2009 ء اپریل میں امریکہ کے اعلیٰ سفارتی عہدیداروں نے ایک دستاویز پر دستخط کیے تھے، جن میں درج تھا کہ ’ شامی حکام کو اس بارے میں امریکہ پر کوئی شک نہیں گزرے گا کہ وہ غیر قانونی سیاسی گروپوں کی پشت پناہی کے ذریعے شام میں اقتدار کی تبدیلی کی کوشش کر رہا ہے‘۔

کیبلز انکشافات میں کہا گیا ہے کہ شام کے اندر اور بیرون ملک حکومت مخالف عناصرکی امریکی پشت پناہی میں جاری سرگرمیاں ممکنہ طور پر بار آور ثابت ہو سکتی ہیں۔

دریں اثناء واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے لندن میں قائم ’ بردۃ‘ ٹیلی وژن چینل کی مالی معاونت اور شام میں حکومت مخالف گروپوں کی پشت پناہی سے متعلق وکی لیکس کے نئے انکشافات پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں