1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
مہاجرتجرمنی

شامی باشندے اب جرمنی سے واپس جائیں، سابق جرمن وزیر خزانہ

25 دسمبر 2024

جرمنی کے سابق وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈنر نے مطالبہ کیا ہے کہ شام میں سابق صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد جرمنی میں موجود شامی مہاجرین اب اپنے ملک واپس جائیں۔

ایف ڈی پی کے سربراہ کرسٹیان لنڈنر
وہ لوگ جو خانہ جنگی کی وجہ سے ہمارے ملک میں آئے، ان کے لیے اپنے گھر واپسی لازمی قاعدہ ہونا چاہیے، کرسٹیان لنڈنرتصویر: Nadja Wohlleben/REUTERS

برلن میں جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے فری ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ کرسٹیان لِنڈنر کا کہنا تھا، ''وہ لوگ جو خانہ جنگی کی وجہ سے ہمارے ملک میں آئے، ان کے لیے اپنے گھر واپسی لازمی قاعدہ ہونا چاہیے۔‘‘

لِنڈنر کے بقول، ''وہ لوگ جو یہاں رہنا چاہتے ہیں، وہ ہمارے امیگریشن قوانین کے تحت مستقل رہائش کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔‘‘

شام ميں آزاد و شفاف انتخابات ضروری ہيں، اقوام متحدہ

ترکی سے شامی باشندوں کی وطن واپسی

جرمنی کے اس سابق وزیر خزانہ کے مطابق جرمنی میں رہنا شفاف طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے نہ کہ خود بخود ایسا ہو: ''اہم چیز یہ ہے کہ کوئی شخص ملازمت کے ذریعے اپنی (اور اپنے اہل خانہ کی) کفالت خود کر سکتا ہے؟ کیا انہوں نے کوئی جرائم کیے ہیں؟ اور یہ کہ آیا وہ واضح طور پر ہمارے آزاد اور جمہوری آئین کو تسلیم کرتے ہیں؟‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''میزبان معاشرہ ہونے کے ناطے ہمارے پاس حق ہے کہ ہم فیصلہ کریں۔ ہم اپنے سوشل سسٹم میں تارکین وطن کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔‘‘

باغیوں نے رواں ماہ کے آغاز میں شامی صدر بشار الاسد کے اقتدار کا خاتمہ کر دیا تھا۔ اس موقع پر جرمنی میں موجود شامی باشندوں نے جشن بھی منائے۔ تصویر: Julius Christian Schreiner/dpa/picture alliance

جرمنی میں شامی باشندوں کی تعداد قریب ایک ملین

جرمنی کی وزارت داخلہ کے مطابق اس وقت ملک میں 975,000 کے قریب شامی باشندے موجود ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر شامی خانہ جنگی سے فرار ہو کر 2015ء میں جرمنی آئے تھے۔

ان میں سے تین لاکھ سے زائد شامی باشندوں کو 'ثانوی تحفظ‘ حاصل ہے۔ یہ ایک ایسا قانونی تحفظ ہے، جو سیاسی پناہ یا مہاجر کے درجے سے نسبتاﹰ کم ہے اور یہ درجہ انفرادی طور پر ظلم و جبر کے خطرات کے بجائے جنگ کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔

ہیئت تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) نامی گروپ کی سربراہی میں باغیوں نے رواں ماہ کے آغاز میں شامی صدر بشار الاسد کے اقتدار کا خاتمہ کر دیا تھا اور اسد شام سے فرار ہو کر روس چلے گئے تھے جہاں انہیں اور ان کے خاندان کو سیاسی پناہ دی جا چکی ہے۔ بشار الاسد شام پر دو دہائیوں سے زائد عرصے تک حکمران رہے تھے۔

اس وقت جرمنی میں 975,000 کے قریب شامی باشندے موجود ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر شامی خانہ جنگی سے فرار ہو کر 2015ء میں جرمنی آئے تھے۔تصویر: Markus Schreiber/picture alliance/AP/dpa

ایچ ٹی ایس نے اس وقت کے بعد سے دمشق میں ایک عبوری حکومت قائم کر رکھی ہے۔ شام میں اسد حکومت کے خاتمے کے بعد ملک سے باہر پناہ لیے ہوئے شامی باشندے اب اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

منگل 24 دسمبر کو ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا تھا کہ شام میں اسد حکومت کے خاتمے کے بعد سے کل تک 25 ہزار سے زائد شامی باشندے اپنے وطن واپس جا چکے تھے۔ ترکی میں قریب 30 لاکھ شامی باشندے پناہ لیے ہوئے ہیں اور ان کی وہاں موجودگی ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی حکومت کے لیے ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

ا ب ا/م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں