1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی فائربندی کی ڈیل عام نہ کرنے پر روسی بے چینی

عابد حسین17 ستمبر 2016

روسی صدر نے شام میں جاری فائربندی کی ڈیل کی تفصیلات نہ عام کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ شام میں گزشتہ پیر کی شام سے روس اور امریکا کی کوششوں سے جنگ بندی کی ڈیل پر عمل کیا جا رہا ہے۔

تصویر: Reuters/A. Al-Faqir

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے ایک تازہ بیان میں اِس بات پر حیرانی کا اظہار کیا ہے کہ امریکا رواں ہفتے کے دوران جنگ زدہ ملک شام میں شروع ہونے والی سیز فائر کی تفصیلات عام نہیں کر رہا۔ روسی صدر نے یہ بیان اپنے کرغیزستان کا دورے کے دوران دیا۔ پوٹن نے واضح کیا کہ جب تک امریکا اِس جنگ بندی کی تفصیلات کو عام نہیں کرتا تب تک اُن کا ملک بھی یک طرفہ طور پر اِس ڈیل کی تمام تفصیل کو افشاء نہیں کرے گا۔

پوٹن نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن کی اِس تناظر میں مزاحمت ایسا ظاہر کرتی ہے کہ وہ شامی حکومت کی فوج کے خلاف جنگ کرنے والی فورسز کی عسکری قوت کو بحال اور محفوظ رکھنا چاہتا ہے۔ پوٹن کے مطابق شاید امریکا شامی اپوزیشن میں سے ایسے افراد کو باہر کرنے کی ہمت نہیں رکھتا جو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔ پوٹن کے مطابق شام کی متحدہ اپوزیشن میں شامل افراد میں سے نصف مجرمانہ کارروائیوں میں شریک رہ چکے ہیں۔

ولادیمیر پوٹنتصویر: picture alliance/empics/M. Dunham

وسطی ایشیائی ریاست کرغیرستان پہنچ کر دینے والے بیان میں روسی صدر نے شام کے حالات و واقعات کے حوالے سے کہا کہ جنگ بندی کے عرصے میں اسد حکومت سے لڑنے والے باغی اپنی قوت کو جمع کرنے کی کوشش میں ہیں اور اِس حوالے سے انہوں نے امریکا سے کہا کہ وہ جنگ بندی کے مکمل نفاذ کے عمل میں شفافیت پیدا کرے۔ پوٹن کے مطابق دہشت گرد ایک نام کو مٹا کر دوسرا لیبل چسپاں کرنے کی کوشش میں ہیں تاکہ وہ اپنی فوجی قوت کو سنبھال سکیں۔ روسی صدر کا یہ بیان کرغیزستان میں ٹیلی وژن پر نشر کیا گیا۔

پوٹن کے مطابق یہ ایک افسوسناک صورت حال ہے کہ امریکا ابھی تک بشار الاسد کے مخالف اپوزیشن میں گھسے دہشت گردوں کو پوری طرح علیحدہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پوٹن کے خیال میں یہ ایک خطرناک پلان ہو گا اگر واشنگٹن حکومت شام کی جائز اور قانونی حکومت کے ساتھ ٹکرانے کی کوشش کرے گا۔ پوٹن کے مطابق ماسکو حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری طرح نبھا رہی ہے اور ابھی تک اسد حکومت جنگ بندی کی ڈیل کا مکمل احترام کر رہی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں