1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

شامی فوج اور باغیوں میں شدید لڑائی، 240 سے زائد افراد ہلاک

29 نومبر 2024

اقوام متحدہ کے رابطہ کار کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے جاری لڑائی کے نتیجے میں 14 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مارے جانے والوں میں اکثریت حکومت مخالف باغیوں کی ہے۔

شام میں سرکاری فورسز اور حکومت مخالف باغیوں کے مابین گزشتہ تین روز سے جاری لڑائی شدید لڑائی جاری ہے
شام میں سرکاری فورسز اور حکومت مخالف باغیوں کے مابین گزشتہ تین روز سے جاری لڑائی شدید لڑائی جاری ہےتصویر: OMAR HAJ KADOUR/AFP via Getty Images

شام میں سرکاری فورسز اور حکومت مخالف باغیوں کے مابین گزشتہ تین روز سے جاری لڑائی میں آج بروز جمعہ تک 240 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 14 ہزار سے زئد بے گھر ہو چکے ہیں۔ حالیہ لڑائی شمالی شہر حلب میں روں ہفتے باغی گروہوں کی جانب سے حکومت کے زیر قبضہ علاقوں پر ایک بڑا حملہ شروع کرنے کے بعد شروع ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ مارے جانے والوں میں اکثریت حکومت مخالف جنگجوؤں کی تھی۔

 شام میں جاری تنازعے پر نظر رکھنے والی اور لندن میں قائم  غیر سرکاری تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس( ایس او ایچ آر)  کے مطابق بدھ کے روز جہادی گروپ حیات تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) اور اس کے اتحادی ترکی کے حمایت یافتہ دھڑوں نے شمال مغرب میں حکومت کے زیر قبضہ علاقوں پر حملہ کیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں اب 14,000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں تصویر: Anwar Amro/AFP/Getty Images

اس حملے کے نتیجے میں اس جنگ زدہ ملک میں 2020 ء کے بعد سب سے شدید لڑائی شروع ہوئی۔ ایس او ایچ آر کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے کہا کہ لڑائی مرکزی شمالی شہر حلب سے دو کلومیٹر (1.2 میل) فاصلے تک پہنچ چکی ہے، جہاں سرکاری میڈیا کے مطابق، آج بروز جمعہ طالب علموں کی رہائش گاہ پر  باغیوں کے توپ خانے کی گولہ باری سے چار شہری مارے گئے۔

 ایس او ایچ آر کے مطابق شام کے اتحادی روس کی فضائیہ کی جانب سے جمعرات کو  کیے گئے فضائی حملوں میں 19 شہری مارے گئے، جب کہ ایک روز قبل شامی فوج کی گولہ باری میں ایک اور شہری مارا گیا تھا۔ بدھ کی صبح سے ادلب اور حلب کے علاقے میں باغیوں کے ٹھکانوں پر 60 سے زیادہ شدید فضائی حملے کیے گئے۔

 رامی عبدالرحمان نے کہا کہ بدھ سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 242 تک پہنچ چکی ہے، جن میں 24 عام شہری بھی شامل ہیں۔ حزب اختلاف کے دھڑوں نے بدھ کے روز ''جارحیت کی روک تھام‘‘ کے عنوان کے تحت حکومت کے خلاف حملے کا اعلان کیا اور دعویٰ کیا کہ یہ صدر بشار الاسد کی سرکاری فورسز کی جانب سے باغیوں کے زیر کنٹرول شہری اہداف پر  حالیہ گولہ باری کا جواب تھا۔

حزب اختلاف کے دھڑوں نے بدھ کے روز ''جارحیت کی روک تھام‘‘ کے عنوان کے تحت حکومت کے خلاف حملے کا اعلان کیاتصویر: OMAR HAJ KADOUR/AFP via Getty Images

شام میں انسانی امداد کے لیے اقوام متحدہ کے نائب علاقائی رابطہ کار ڈیوڈ کارڈن نے خبردار کیا کہ اس لڑائی کی وجہ سے  شہری آبادی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ کارڈن نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں اب 14,000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ شام میں مارچ 2011ء میں شروع ہونے والے تنازعے میں نصف ملین افراد ہلاک جبکہ ایک ملین سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے متاثرین کی مدد کے لیے بارہا اپیلوں کے باوجود امدادی رقم کے حصول میں شدید مشکلات درپیشں ہیں۔ مشرق وسطیٰ کا یہ ملک اب مؤثر طریقے سے صدر بشار الاسد کی دمشق حکومت، مختلف اپوزیشن گروپوں اور شامی کرد فورسز کے زیر کنٹرول علاقوں میں بٹ چکا ہے۔

ش ر⁄ ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ادلب میں زندگی تنگ ہوتی ہوئی

02:52

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں