1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام، اسلامک اسٹیٹ نے برطانوی مغوی کا سر قلم کر دیا

عدنان اسحاق14 ستمبر 2014

دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں برطانوی شہری ڈیوڈ ہینز کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ہینز کو گزشتہ برس شام میں اغوا کیا گیا تھا۔

تصویر: Site

اس ویڈیو کا عنوان ہے’’امریکا کے اتحادیوں کے نام ‘‘ اور یہ دو منٹ ستائیس سیکنڈ طویل ہے۔ اس ویڈیو میں ڈیوڈ ہینز کے قتل کی ذمہ داری برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون پر عائد کی گئی ہے۔ اس پیغام کے مطابق اگر کیمرون اس جہادی تنظیم کے خلاف امریکی اتحاد میں شمولیت اختیار نہ کرتے تو برطانوی شہری کا سر قلم نہ کیا جاتا۔ آئی ایس کی یہ ویڈیو دہشت گردی کی نگرانی کرنے والی ایک نجی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

گزشتہ ہفتوں کے دوران آئی ایس نے تیسرے مغوی کا سر قلم کیا ہے۔ اس سے قبل دو امریکی صحافیوں کو بھی اسی انداز میں قتل کیا جا چکا ہے۔ یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں منظرعام پر آئی ہے، جب ابھی جمعے کے روز ہی ہینز کے گھر والوں نے اغوا کاروں سے رحم کی درخواست کی تھی۔

مریکی صحافی جیمز فولی کا بھی سر قلم کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

اس ویڈیو میں منہ چھپائے ہوئے ایک دہشت گرد برطانوی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہا ہے، ’’ تم رضاکارانہ طور پر اسلامک اسٹیٹ کے خلاف امریکا کی جانب سے بنائے جانے والے اتحاد کا حصہ بنے ہو بالکل ٹونی بلیئر کی طرح۔ برطانوی وزرائے اعظم میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ امریکا کو ’نہ‘ کہہ سکیں اور تم نے بھی اسی روایت کو برقرار رکھا ہے۔‘‘

خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ وہی دہشت گرد ہے، جو اس سے قبل جاری کی جانے ویڈیوز میں بھی موجود تھا۔ اس دہشت گرد کے بقول اس اتحاد میں شمولیت برطانیہ کی تباہی کے عمل کو تیز کر دے گی اور اس طرح برطانوی شہری ایک ایسی جنگ میں شامل ہو جائیں گے، جسے فتح نہیں کیا جا سکتا۔ اس دہشت گرد نےآئی ایس کے قبضے میں موجود ایک اور برطانوی شہری کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈدیوڈ کیمرون نے امدادی کارکن ہینز کے قتل کو شیطانی عمل قرار دیا ہے۔ ’’ ایک معصوم اور بے قصور امدادی کارکن کو قتل کرنا ایک گھناؤنا اور قابل مذمت عمل ہے۔ میرے تمام تر جذبات لواحقین کے ساتھ ہیں، جنہوں نے گزشتہ دنوں کے دوران انتہائی ہمت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘ کیمرون نے مزید کہا کہ ذمہ داروں کو واقعی سزا دی جائے گی چاہے جتنا وقت بھی لگ جائے، انہیں ڈھونڈ نکالا جائے گا۔

اسکاٹ لینڈ میں پیدا ہونے والے ڈیوڈ ہینز کی عمر 44 برس تھی اور انہیں مارچ 2013ء میں شام میں اغوا کیا گیا تھا۔ دو بچوں کے والد ہینز تکنیکی تعاون اور ترقی کے فرانسیسی ادارے ’ ACTED ‘ سے منسلک تھے۔ یہ ادارہ بین الاقوامی سطح پر فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیتا ہے۔ وہ اس سے قبل بلقان کی ریاستوں، چند افریقی ممالک اور مشرق وسطی کے کچھ علاقوں میں کام کر چکے ہیں۔

امریکی صحافی اسٹیون سٹلوف اور جیمز فولی کو بھی شام میں ہی اغوا کیا گیا تھا۔ اس دہشت گرد گروہ نے فولی کے قتل کی ویڈیو 19 اگست کو جبکہ سٹلوف کے سر قلم کرنے کی ویڈیو 2 ستمبر کو جاری کی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں