1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام، امریکی کارروائی میں خراسان گروہ کا ’فرانسیسی جہادی ہلاک‘

عاطف بلوچ7 نومبر 2014

امریکی فضائیہ کی طرف سے شام کے شمال مغربی علاقوں میں کی گئی تازہ کارروائی میں القاعدہ کے حامی جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پینٹا گون کے ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں شاید ایک فرانسیسی جہادی بھی مارا گیا ہے۔

تصویر: picture-alliance/AP/Senior Airman Matthew Bruch/U.S. Air Force

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس تازہ کارروائی میں شام میں فعال فرانسیسی جہادی ڈیوڈ ڈورجین کو ہی نشانہ بنایا گیا تھا، جو بم سازی میں ماہر تصور کیا جاتا تھا۔ شدت پسند خراسان گروہ کا سربراہ ڈیوڈ تبدیلی مذہب کے بعد مسلمان ہو گیا تھا اور وہ شام میں القاعدہ کے حامی گروہ خراسان کی سرپرستی کر رہا تھا۔

امریکی محمکہ دفاع کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا ہے کہ چوبیس سالہ ڈیوڈ ایک انتہائی خطرناک شخص تھا، جس سے امریکا کی سلامتی کو براہ راست خطرہ لاحق تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ واشنگٹن حکومت کالعدم خراسان گروہ کو شام و عراق میں فعال اسلامک اسٹیٹ نامی شدت پسند گروہ سے زیادہ خطرناک تصور کرتی ہے۔

واشنگٹن حکومت کالعدم خراسان گروہ کو شام و عراق میں فعال اسلامک اسٹیٹ نامی شدت پسند گروہ سے زیادہ خطرناک تصور کرتی ہےتصویر: picture alliance/ZUMA Press/M. Dairieh

امریکی انٹیلی جنس اداروں کے مطابق خراسان گروہ نہ صرف امریکا بلکہ یورپی ممالک میں بھی حملوں کی منصوبہ بندی میں تھا۔ امریکی میڈیا میں ڈیوڈ ڈورجین کی ممکنہ ہلاکت کو خراسان گروہ کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی اعلیٰ اہلکار کے مطابق، ’’وہ (ڈیوڈ ڈورجین) اہداف میں سے تھا۔ ہمارا خیال ہے کہ ہم نے اسے مار دیا ہے۔‘‘ انہوں نے البتہ کہا کہ اس خبر کی تصدیق میں کچھ وقت لگے گا کیونکہ شام میں امریکی فوجی تعینات نہیں ہیں، اس لیے وہاں سے درست معلومات حاصل کرنا کچھ مشکل ہے۔

23 ستمبر کے بعد شام میں فعال خراسان گروہ کے خلاف یہ دوسری کارروائی جمعرات بتاریخ چھ نومبر کو کی گئی۔ امریکی مرکزی کمان نے اس حملے کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ترک سرحد کے قریب شامی علاقے سرمدا میں اس اسلامی شدت پسند گروہ کے پانچ مختف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں گاڑیاں اور ان کے زیراستعمال گھر بھی تھے۔

دوسری طرف سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس امریکی کارروائی میں متعدد جنگجوؤں کے ساتھ دو بچے بھی مارے گئے ہیں۔

شامی بحران چوتھے سال میں داخل ہو چکا ہے اور اس کے نتیجے میں ایک محتاط اندازے کے مطابق دو لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ شامی صدر بشار الاسد کو ایک مسلح بغاوت کا سامنا ہے۔ جہاں اعتدال پسند اپوزیشن دھڑا صدر اسد کو اقتدار سے الگ کرنے کی کوشش میں ہے، وہیں اسلامی شدت پسند بھی اسد نہ صرف اسد حکومت بلکہ اعتدال پسندوں کے خلاف انتہائی منظم ہو چکے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں