1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام: مبینہ اسرائیلی فضائی حملے، متعدد ایرانی کمانڈر ہلاک

20 جنوری 2024

شامی دارالحکومت دمشق میں ہونے والے فضائی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے متعدد اراکین کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ ایران کے سرکاری ریڈیو نے بھی ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

Syrien | Rettungskräfte nach einem mutmaßlichen israelischenLuftangriff in Damaskus
تصویر: LOUAI BESHARA/AFP/Getty Images

ایرانی نیوز ایجنسی مہر کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ہونے والے تازہ ترین فضائی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب ( آئی آر جی سی) کے متعدد اراکین ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایرانی نشریاتی ادارے کی عربی سروس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ایرانیوں میں دو اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے ان حملوں کا ذمہ دار  اسرائیل  کو ٹھہرایا ہے۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی مہر کی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق  آئی آر جی سی کی خفیہ سروس سے تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں  ایک اعلیٰ افسر، ان کا ایک نائب اور دو دیگر ایرانی باشندے شامل ہیں۔

رہائشی عمارت منہدم

شام  کی جنگ پر نظر رکھنے والی لندن میں قائم غیر سرکاری تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق دمشق میں مشتبہ اسرائیلی راکٹ حملے میں کم از کم چھ افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔

ايرانی حمايت يافتہ جنگجو تنظيمیں اور ملیشیا گروپ

01:24

This browser does not support the video element.

 

آبزرویٹری نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں آئی آر جی سی کے تین کمانڈر اور ایک شامی شہری شامل ہے۔ اس تنظیم کے مطابق دیگر دو افراد کی شناخت ابھی تک نامعلوم ہے۔ اسرائیلی حملے کا نشانہ شامی دارالحکومت کے وسط میں المزہ کے علاقے کی ایک چار منزلہ رہائشی عمارت تھی، جو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

دمشق میں ہونے والے مبینہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد کا منظرتصویر: LOUAI BESHARA/AFP/Getty Images

دریں اثناء دمشق پر ہوئے ان تازہ حملوں پر العربیہ نیوز چینل کے لیے ایک تبصرہ کرتے ہوئے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس  کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے کہا  کہ دھماکہ دمشق کے اس علاقے میں ہوا جہاں جہاد تحریک اور حزب اللہ کی قیادت کی رہائش گاہیں ہیں۔

مبینہ اسرائیلی حملوں کا نشانہ بننے والا علاقہ المزہ ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈروں اور ایران کے اتحادی فلسطینی کمانڈروں کی رہائش گاہوں کے لیے بھی اپنی پہچان رکھتا ہے۔

فیکٹ چیک: اسرائیل-حماس جنگ اور فیک نیوز کی بھرمار

06:10

This browser does not support the video element.

شام  کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ثناء  کے مطابق،''اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں المزہ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔‘‘ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ایک سڑک کے کنارے ایک تباہ شدہ مکان دکھایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج عام طور پر ایسی اطلاعات پر تبصرہ نہیں کرتی ہے۔

اسرائیل فوج اپنے دیرینہ دشمن ایران کو خطے میں اپنے فوجی اثر و رسوخ کو مزید وسعت دینے اور تہران کی اتحادی ملیشیاؤں کو مدد کی فراہمی سے روکنے کے لیے اکثر شام میں مختلف  مقامات پر حملے کرتی رہی ہے۔

شام میں امریکی اڈوں پر ایرانی ملیشیا کے حملے

غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی جاری کارروائیوں کے بعد سے ایران نواز ملیشیاؤں نے شام میں امریکی فوجی اڈوں پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں شام اور پڑوسی ملک عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔ مشرق وسطیٰ  کے پورے خطے میں سلامتی کی صورتحال خاصی مخدوش ہے۔

رہائشی عمارت منہدمتصویر: LOUAI BESHARA/AFP/Getty Images

 یہ تناؤ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے عسکریت پسندوں کی طرف سے کیے گئے  مہلک حملوں کے بعد سے ہے اور اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ حماس کے حملوں کے بعد سے اسرائیل نے حماس کے خلاف اپنی وسیع فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

اسرائیل حماس جنگ کے شروع ہونے کے بعد کچھ دن پہلے ایرانی پاسداران انقلاب نے پہلی بار عراق، شام اور پاکستان میں  میزائل حملے کیے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دسمبر کے آخر میں دمشق کے مضافاتی علاقے میں ایک مشتبہ اسرائیلی فضائی حملے میں پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر  ایرانی جنرل سید راضی موسوی مارے گئے تھے۔

ک م / ش ر (ڈی پی اے،روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں