1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں امریکی کارروائی، اسلامک اسٹیٹ کا اعلیٰ کمانڈر ہلاک

عاطف توقیر16 مئی 2015

امریکی کمانڈوز نے شام کے ایک مشرقی علاقے میں گزشتہ شب خفیہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ایک اعلیٰ کمانڈر کو ہلاک جب کہ اس کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/J. Yeon-Je

ہفتہ 16 مئی کو امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں اس کمانڈر کے زیر قبضہ ایک ایزدی لڑکی کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے، جسے اس کمانڈر نے غلام بنا رکھا تھا۔

امریکی وزیردفاع ایش کارٹر نے اس کارروائی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہلاک کیا جانے والا کمانڈر ابو سیاف تھا۔ کارٹر نے بتایا کہ اس کارروائی میں کوئی امریکی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

امریکی قیادت میں اتحادی افواج گزشتہ برس سے عراق اور شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف فضائی حملوں میں مصروف ہیں، تاہم یہ دوسرا موقع ہے کہ امریکی فوج نے اس طرز کا کوئی زمینی آپریشن کیا ہے۔ اس سے قبل اس شدت پسند تنظیم کے زیرقبضہ امریکی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک کمانڈو ایکش کیا گیا تھا۔

اسی علاقے میں شامی سرکاری فورسز نے بھی کارروائی کیتصویر: DW/Y. Sayman

اس سے قبل شامی حکومتی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے اسلامک اسٹیٹ کے ایک سینیئر کمانڈر سمیت 40 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس کمانڈر کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ اس شدت پسند گروہ کی طرف سے آئل فیلڈز کے شعبے کی نگرانی کیا کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز حکومتی فورسز نے عمر آئل فیلڈ پر ایک بڑا حملہ کیا، جہاں ابو التیم السعودی کا ہلاک کر دیا گیا۔ یہ عسکریت پسند کمانڈر سعودی شہری تھا۔ فی الحال یہ بات واضح نہیں ہے کہ امریکا اور شامی حکومت کی جانب سے ایک ہی علاقے میں آپریشن کے درمیان کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ کیوں کہ اس سے قبل امریکا متعدد مرتبہ کہہ چکا ہے کہ وہ شامی حکومت کے ساتھ کسی عسکری رابطے میں شامل نہیں ہے۔

عمر آئل فیلڈ پر اس حملے کی اطلاعات سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی دی ہیں۔ اس تنظیم نے یہ بتائے بغیر کہ یہ حملہ کس نے کیا، کہا ہے کہ اس حملے میں اسلامک اسٹیٹ کے 19 عسکریت پسند ہلاک ہوئے، جن میں سے 12 غیرملکی تھے۔

امریکی حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ابو سیاف اسلامک اسٹیٹ کا ایک اہم رہنما تھا، جو اس گروہ کے لیے تیل اور گیس کی فروخت کے معاملات کی نگرانی کرتا تھا۔ یہ بات اہم ہے کہ اس دہشت گرد گروہ کو حاصل سرمائے کا زیادہ تر حصہ تیل اور گیس کی فروخت ہی پر مبنی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں