1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں داعش کے خلاف فرانس اور روس کا فوجی تعاون

کشور مضطفیٰ17 نومبر 2015

روس نے کہا ہے کہ وہ شام میں انسداد دہشت گردی آپریشن میں فرانس کے اتحادی کے طور پر اُس کے ساتھ فوجی تعاون کرے گا۔

تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Nikolsky

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنی افواج کو شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور اُن کے فرانسیسی ہم منصب نے آج منگل کو ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس گفتگو میں دونوں صدور نے شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کو مضبوط تر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں لیڈر 26 نومبر کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں مشاورت کریں گے۔

فرانس کو امریکی تعاون کی یقین دہانیتصویر: Reuters/P. Wojazer

کریملن کی طرف سے یہ خبر امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اُس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کیری نے کہا ہے کہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف ایک بڑے آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں اور امریکا ترکی کے ساتھ مل کر اسلامی ریاست کے انتہاپسندوں کے لیے شام کی شمالی سرحد بند کرنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ شمالی شام کے سرحدی علاقہ داعش کے کنٹرول میں ہے۔

امریکی ٹیلی وژن چینل سی این این کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کیری کا کہنا تھا،’’شام کے شمالی سرحدی علاقے کا 75 فیصد حصہ بند کیا جا چُکا ہے اور ہم ترکوں کے ساتھ مل کر بقیہ 98 کلومیٹر علاقے کو بند کرنے کے لیے ایک آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں‘‘۔

جان کیری نے مزید کہا،’’ ہم انجیرلیک ایئر بیس میں اپنی موجودگی میں بھاری اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔ وہاں مزید فضائی مشنز بھیجے جائیں گے‘‘۔ انجیرلیک ایئر بیس ترکی کے پانچویں بڑے شہر ادانا سے محض 8 کلو میٹر کے فاصلے پر قائم وہ فضائی اڈہ ہے جو ترکی کے علاوہ امریکی اوررائل ائیر فورسز کے استعمال میں ہے۔ اسی فضائی اڈے کو شام میں آئی ایس کے خلاف اتحادیوں کے آپریشن کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

جان کیری سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا پیرس کے حالیہ دہشت گردانہ حملے ایک نارمل سی بات ہونے جا رہی ہے؟ امریکی وزیر خارجہ کا جواب تھا،’’ ہر گز نہیں یہ کبھی نارمل نہیں تھے، نہیں ہیں اور نہیں ہوں گے۔‘‘

انجیرلیک ایئر بیس ترکی کے پانچویں بڑے شہر ادانا سے محض 8 کلو میٹر کے فاصلے پر قائم ہےتصویر: picture alliance/AA/I. Erikan

اُدھر فرانسیسی وزارت دفاع نے منگل کو پیر اور منگل کی درمیانی شب شام میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف مسلسل فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے۔ گزشتہ جمعے کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس پر ہونے والے سلسلہ وار دہشت گردانہ حملوں کے بعد شام میں ہونے والے فضائی حملوں کا یہ دوسرا دور تھا۔ پیرس کے حملوں کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی تھی۔

وزارتی ذرائع کے مطابق اُردن اور خلیج فارس کے اڈوں سے اڑنے والے جنگی جہازوں نے سلامک اسٹیٹ کے کمانڈ سینٹر اور ایک تربیتی گراؤنڈ پر 16 بم برسائے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں