شام میں روسی ہیلی کاپٹر تباہ، نئی کشیدگی کا امکان
1 اگست 2016خبر رساں ادارے روئٹرز نے روسی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شامی صوبے ادلب میں ایک روسی ہیلی کاپٹر مار گرایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ جہاں یہ ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے، وہاں باغی گروہ فعال ہیں۔
اس ہیلی کاپٹر کے حادثے کو شام میں کسی ایک دن میں روسی فوج کا ہونے والا سب سے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق Mi-18 ملٹری ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا، جب وہ ادلب میں امدادی سامان فراہم کرنے کے بعد الاذقیہ صوبے میں واقع روسی ایئر بیس کی طرف واپسی کا سفر کر رہا تھا۔
کریملن کے ایک ترجمان کے بقول، ’’جتنی معلومات ہمیں دستیاب ہیں، ان کے مطابق اس ہیلی کاپٹر میں سوار تمام روسی مارے گئے ہیں۔ انہوں نے ہیروز کی طرح اپنی جان دی۔‘‘ ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق اس علاقے میں جہاں یہ ہیلی کاپٹر مار گرایا گیا ہے، وہاں زیادہ تر علاقہ امریکی نواز اعتدال پسند باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے زیر قبضہ ہے۔
اسی تازہ حادثے کی وجہ سے امریکا اور روس میں سفارتی کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے کیونکہ امکان ہے کہ یہ روسی ہیلی کاپٹر ان ہتھیاروں سے تباہ کیا گیا ہے، جو امریکیوں نے باغیوں کو دیے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکا نے باغیوں کو ایسے اینٹی ٹینک میزائل بھی فراہم کر رکھے ہیں، جن سے ہیلی کاپٹرز کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
شام میں روسی ہیلی کاپٹر ایک ایسے وقت میں تباہ کیا گیا ہے جب شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے اتوار کے روز ہی ’یو ٹیوب‘ پر نو منٹ دورانیے کی ویڈیو جاری کی، جس میں اس جہادی تنظیم سے وابستہ افراد کو روس کے خلاف جہاد کی ترغیب دی گئی ہے۔
ایک نقاب پوش شخص اس ویڈیو میں کہتا سنائی دے رہا ہے، ’’پوٹن، ہم تمہارے گھر میں گھس کر تمہیں ماریں گے۔‘‘ آزاد ذرائع سے ابھی اس پیغام کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ روس شام میں ’اسلامک اسٹیٹ‘، جسے داعش بھی کہا جاتا ہے، کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ لے رہا ہے۔