شام میں فضائی کارروائی، 40 افراد ہلاک
23 نومبر 2013خبر رساں ادارے روئٹرز نے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج بروز ہفتہ حلب میں کیے گئے فضائی حملوں میں کم ازکم چالیس افراد مارے گئے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔ اپوزیشن کے حامی اس مانیٹرنگ گروپ کا مزید کہنا ہے کہ حلب اور اس کے نواح میں کم ازکم چھ مختلف فضائی حملے کیے گئے ہیں، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے ان حملوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر باغیوں کے اڈوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن میزائل شہری علاقوں میں بھی گرے، جس سے بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
ایک اور پیشرفت میں القاعدہ نیٹ ورک کے حامی ایک گروہ نے ہفتے کے دن ایک کارروائی کرتے ہوئے دیر الزور نامی علاقے میں واقع ملک کی سب سے بڑی آئل فیلڈ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ گزشتہ کچھ مہینوں سے صدر بشار الاسد کی افواج باغیوں کے خلاف لڑائی میں کئی محاذوں پر کامیابی حاصل کرتی رہی ہے لیکن النصرہ فرنٹ کی اس تازہ کارروائی کو صدر اسد کی افواج کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ رامی عبدالرحمان نے تصدیق کی ہے کہ جہادی گروپ النصرہ فرنٹ نے عراقی سرحد سے ملحق دیر الزور نامی علاقے میں قائم العمر نامی اس آئل فیلڈ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے دمشق حکومت کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
ادھر حکومت نواز ایک ٹیلی وژن نے کہا ہے کہ طرطوس میں ملکی وزیر برائے مصالحت حیدر علی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جب مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی تو حیدر علی گاڑی میں موجود نہیں تھے تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں ان کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا۔
جنیوا ٹو کانفرنس کے انعقاد کی کوششیں
دریں اثناء اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا ہے کہ شامی تنازعے کے حل کے لیے جنیوا ٹو کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں روس، امریکا اور اقوام متحدہ کے مندوبین منگل کو جنیوا میں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ بان کی مون، شام کے لیے خصوصی مندوب لخضر براہیمی اور دیگر عالمی سفارتکار اس کانفرنس میں شامی باغی گروپوں اور صدر اسد کے نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اگرچہ اطراف نے اس کانفرنس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے تاہم باغی گروپوں میں ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا ہے کہ ان کی نمائندگی کون کرے گا۔
حق کے بقول براہیمی پیر کے دن جنیوا میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ملیں گے۔ امریکا اور روس گزشتہ کئی مہینوں سے کوشش میں ہیں کہ جون 2012ء میں ہونے والی جنیوا کانفرنس کے فالواپ کے لیے جنیوا ٹو کانفرنس کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔ تاہم اختلافات کی وجہ سے ابھی تک اس مجوزہ کانفرنس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔ بان کی مون کی کوشش ہے کہ یہ کانفرنس وسط دسمبر میں منعقد کر لی جائے تاہم کچھ سفارتکاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شاید رواں برس میں اس کانفرنس کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔