شام کے تاریخی نوادرات کہاں گئے؟
31 مارچ 2016دو برس پہلے داعش کے عسکریت پسند شام کے مشرق میں واقع دیر الزور کو فتح کرنے کے انتہائی قریب تھے۔ یاروب العبداللہ کے پاس انتہائی کم وقت تھا کہ وہ ان ہزاروں قدیم نوادرات کو بچا سکے، جن سے وہ بہت محبت کرتا تھے۔ یاروب العبداللہ اپنی چار بیٹیوں اور بیوی کو پہلے ہی ایک محفوظ مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہو چکا تھا لیکن مسئلہ نوادرات کا تھا۔
گرمیوں کی تپش اپنے عروج پر تھی اور دیر الزور میں محکمہ آثار قدیمہ کے سربراہ عبداللہ نے روزہ بھی رکھا ہوا تھا۔ اس کے ماتحت عملہ پہلے ہی مرکزی عجائب گھر کی اہم اشیاء کو ڈبوں میں بند کر چکا تھا تاکہ ہنگامی حالات میں انہیں کسی محفوظ مقام تک پہنچایا جا سکے۔
عبداللہ نے دمشق حکام سے رابطہ کیا اور فوری طور پر بارہ بڑے باکسز کے ہمراہ دارالحکومت کی طرف روانہ ہوگیا۔ ان ڈبوں میں انتہائی نایاب چھوٹے مجسمے بھی شامل تھے۔ اس طرح پانچ ہزار سال پرانا وہ مجسمہ بھی محفوظ بنا لیا گیا، جو ایک مسکراتے ہوئے عبادت گزار کا تھا۔ یہ نوادرات قدیم تہذیبوں کی نشانیاں ہیں اور ان کو بچانے کے لیے شام حکومت کی طرف سے ملک بھر میں ایسے خفیہ آپریشن کیے گئے تھے، جن کا مقصد تاریخی ورثے کو داعش کے ہاتھوں تباہ ہونے سے محفوظ بنانا تھا۔
ابھی تک صرف چند ہی لوگ تھے جو ان کوششوں سے آگاہ تھے لیکن اب ان آپریشنز میں ملوث افراد نے ماضی کی ان کوششوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ ان خفیہ آپریشنز میں کم از کم انتیس افراد شامل تھے اور شام کے چونتیس اہم عجائب گھروں میں سے تین لاکھ سے زائد نوادرات دارالحکومت پہنچائے گئے۔
اب یہ نوادرات انتہائی خفیہ اور نامعلوم مقام پر رکھے گئے ہیں اور ان کے بارے میں صرف چند ماہرین کو علم ہے۔ ملک میں عہدِ قدیم اور عجائب گھروں کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے سربراہ مامون عبدالکریم کا کہنا تھا، ’’چند لوگوں کے علاوہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ ان نوادرات کو کہاں رکھا گیا ہے، یہ بات نہ تو کوئی سیاست دان جانتا ہے نہ ہی کوئی عام شامی شہری۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ بہت کچھ ایسا ہے، جسے محفوظ نہیں بنایا جا سکا۔ مثال کے طور پر پالمیرا کے قدیم ورثے کو نقصان پہنچایا گیا ہے، جسے آثار قدیمہ کا تاج سمجھا جاتا ہے۔ داعش کے عسکریت پسندوں نے پالمیرا پر قبضہ کرتے ہوئے کم از کم دو قدیم مندروں کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا لیکن شامی فورسز نے چند روز پہلے دوبارہ پالمیرا کا قبضہ داعش سے چھڑوا لیا ہے۔