1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام کے تنازعے کے حل کی ليے ايران کی تجويز

15 اکتوبر 2012

شام کے ليے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب لخضر براہيمی کے دورہ تہران کے موقع پر ايرانی وزير خارجہ نے شام کے تنازعے کے حل کے ليے براہيمی کو ايک تجويز پيش کی ہے۔

تصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق ايران کے وزير خارجہ علی اکبر صالحی نے ايک عربی زبان کے نشرياتی ادارے العالم پر نشر کردہ بيان ميں کہا: ’تہران حکومت نے شام کے تنازعے کے حل کے ليے اپنی غير سرکاری اور تفصيلی تجويز‘ براہيمی کے علاوہ مصر، سعودی عرب اور ترکی کو دے دی ہے۔ اے ايف پی کے مطابق علی اکبر صالحی نے ايرانی حکومت کی تجويز کے بارے ميں تفصيلات نہيں بتائيں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس تنازعے کے حل کے ليے اقوام متحدہ کے مندوب کے ساتھ ہر ممکن تعاون کريں گے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب لخضر براہيمی نے تہران حکومت کے اس اقدام کا خير مقدم کيا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’ميں اس تجويز کے ليے ايران کا شکريہ ادا کرتا ہوں۔ تجوير ميں شامل چند نقات ايسے ہيں جن کو شام کے مسئلے سے منسلک ديگر اہم ممالک کی جانب سے موصول شدہ تجاويز کے ساتھ ملايا جا سکتا ہے‘۔ لخضر براہيمی نے اتوار کے روز ايرانی صدر محمود احمدی نژاد سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات ميں ايرانی صدر نے شام کے ليے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب کو شام کے مسئلے کے حل کے ليے ايران کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی يقين دہانی کروائی اور مدد کی پيش کش بھی کی۔

جرمن وزير خارجہ گيڈو ويسٹر ويلےتصویر: dapd

ايران کے سرکاری ٹيلی وژن کے مطابق لخضر براہيمی پير کے روز ايران کے اعلیٰ سکيورٹی اہلکار سعيد جليلی سے بھی ملاقات کريں گے جس کے بعد وہ پير کی شام ہی عراقی دارالحکومت بغداد روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ براہيمی اس وقت شام کے مسئلے کے حل کے ليے علاقائی ممالک کے دورے پر ہيں۔

دريں اثناء جرمنی کے وزير خارجہ گيڈو ويسٹر ويلے نے کہا ہے کہ عالمی امن کے ليے شام کے موضوع پر اختلافات کے باوجود يورپی يونين کو روس کے ساتھ کام کرنا ہی ہوگا۔ انہوں نے يہ بات لکسمبرگ ميں اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف کے ساتھ ايک عشائيے کے موقع پر کہی۔ دونوں اعلی عہديداروں کے درميان يہ ملاقات يورپی يونين کے رکن ممالک کے ايک اجلاس کے بعد ہوئی۔ اس اجلاس ميں يورپی يونين کے رکن ممالک کے وزراء خارجہ نے ايران کے خلاف نئی پابنديوں کے علاوہ شام کے موضوع پر بھی بات کی۔

as / sks (AFP)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں