شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑہ برلن میں
26 اکتوبر 2010فرحان اختر کے مطابق ان کی نئی فلم ’’ڈان ٹو‘‘ ایک طرح سے ہالی وُڈ فلم سیریز جیمز بانڈ کا بھارتی روپ ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جیمز بانڈ کا کردار مثبت ہوتا ہے لیکن بھارتی فلم میں ڈان کا کردار ایک برے انسان کا ہے۔ اس فلم کو بھارتی اور جرمن سرمایہ کاروں کے اشتراک سے بنایا جا رہا ہے۔ فلم کا پورا نام ہے: ’’ڈان ٹو، تعاقب جاری‘‘ یعنی انگریزی میں "Don2 - The Chase Continues" ہے۔ یہ سن 1978 میں بنائی جانے والی فلم ’’ڈان‘‘ کا ری میک ہے۔
فرحان اختر کا کہنا ہے کہ جب وہ اپنے خاندان کے ساتھ چھٹیاں منانے تین سال قبل برلن آئے تھے تو تبھی انہوں نے سوچ لیا تھا کہ وہ اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ اسی شہر میں کریں گے کیونکہ اس شہر کا رنگ روپ اور طرز تعمیر انتہائی پرشکوہ ہے۔ فلم کے سکرپٹ، کرداروں اور شوٹنگ کے حوالے سے انہوں نے تفصیلات برلن میں ایک نیوز کانفرنس میں دیں۔ فلم کے جرمن پروڈیوسر Mathias Schwerbrock ہیں اور شریک پروڈیوسر بھارت کے رتیش سدھوانی ہیں۔ فلم کا بجٹ بارہ ملین یورو کے قریب ہے۔
فرحان اختر کا نیوز کانفرنس میں یہ واضح کرنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ یقینی طور پر یورپ میں ہو رہی ہیں لیکن یہ مزاج میں مکمل طور پر ایک بھارتی فلم ہو گی جس میں گلیمر کے ساتھ ساتھ ناچ اور گانے شامل ہیں۔ فلم ’’ڈان ٹو‘‘ کے ہدایت کار کے مطابق فلم کی شوٹنگ برلن کے تمام تاریخی مقامات پر کی جائے گی۔ اس میں برانڈن برگ گیٹ سے لے کر دیوار برلن تک شامل ہے۔ نیوز کانفرنس میں شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’’ڈان ٹو‘‘ فلم میں برلن شہر ایک کردار کے طور پر محسوس ہوگا۔
شاہ رخ خان نے اپنی فلم کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا تعلق تاریک دنیا سے ضرور ہے لیکن وہ روایتی گینگسٹر نہیں ہے کیونکہ وہ ایک اچھا دل بھی رکھتا ہے۔ شاہ رخ خان کو دنیا کی اہم پچاس شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کو عام طور پر کنگ خان بھی کہا جاتا ہے۔
برلن شہر کی ایک ٹورسٹ کمپنی ’’وزٹ برلن‘‘ کے چیف ایگزیکٹو بُرکہارڈ کیکر کے مطابق وہ بھارت میں سیاحت کے لئے فلم ڈان ٹو کو بطور اشتہاری مہم اپنائیں گے۔ فلم کے جرمن سرمایہ کار کا خیال ہے کہ اس فلم سے بھارتی شہریوں میں برلن شہر کو دیکھنے کا شوق بڑھے گا جو جرمن ٹورسٹ انڈسٹری کے لئے فائدہ مند ہے۔
یہ فلم بھارت میں اگلے سال دسمبر میں ریلیز کی جائے گی اور جرمن ورژن فروری سن 2012 میں برلن بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل