1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شدت پسندی کے خلاف پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، امریکہ

13 مئی 2010

امریکہ نے انتہاپسندی کے خلاف پاکستانی کارروائیوں کا خیرم مقدم کیا ہے۔ اس مرتبہ اسلام آباد کے لئے تعریفی کلمات امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کارروائیوں کو حوصلہ افزاء قرار دیا ہے۔

تصویر: AP

باراک اوباما نے یہ کہتے ہوئے خبردار بھی کیا کہ پاکستان میں شدت پسندوں کے خاتمے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا، ’پاکستان میں یہ صورت حال سرطان کی طرح پھیل رہی ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ گزشتہ کچھ عرصے میں اس بات کو ویسع پیمانے پر تسلیم کیا جا چکا ہے۔ جو کچھ میں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے گزشتہ مہینوں میں دیکھا ہے، وہ میرے لئے حوصلہ افزاء بھی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں بدھ کو افغانستان کے صدر حامد کرزئی کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ 30 برس کی جنگ کے نتیجے میں افغانستان کو معاشی طور پر ابھرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھی خواہش ہونے کے باوجود کچھ وقت درکار ہے، جس میں وہ ناقص انتظام والے علاقوں میں انتہاپسندوں پر قابو پانے کا مؤثر طریقہ ڈھونڈ نکالیں گے۔

امریکی صدر باراک اوباماتصویر: AP

باراک اوباما نے کہا کہ پاکستان نے ایسے علاقوں کا زیادہ سے زیادہ کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کی خواہش دکھائی ہے، جو حوصلہ افزاء ہے، لیکن یہ سب راتوں رات نہیں ہونے والا۔

واضح رہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکہ کا ایک اہم اتحادی ہے۔ گزشتہ ماہ امریکی محکمہ دفاع نے پاکستان میں طالبان کے خلاف جاری فوجی آپریشن سے متعلق ایک رپورٹ ملکی کانگریس کو پیش کی، جس میں اس آپریشن کو سراہا گیا۔

پینٹا گون نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کے ایک لاکھ 40 ہزار فوجی قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ قبائلی علاقوں میں پاکستانی فوج کا آپریشن سرحد پار بھی اثرات رکھتا ہے، اس سے دشمن طاقتوں پر دباؤمیں اضافہ ہوا ہے اور افغانستان کے مشرقی علاقوں میں بھی ان کے ٹھکانے کم ہوئے ہیں۔

امریکہ ایک طویل عرصے سے اسلام آباد حکام پر دباؤ ڈالتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر طالبان اور القاعدہ رہنماؤں کے خلاف کارروائی کریں جبکہ پینٹاگون نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ قبائلی علاقوں میں پاکستان کی جانب سے تعیناتیوں کے اس سلسلے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

پاکستانی فوج قبائلی علاقوں میں طالبان کے خلاف آپریشن کر رہی ہےتصویر: Abdul Sabooh

پینٹا گون نے پاکستان میں طالبان رہنماؤں کی حالیہ گرفتاریوں کو بھی سراہا۔ اس کا کہنا تھا کہ ملا عبدالغنی برادر جیسے رہنماؤں کی گرفتاریوں سے شدت پسند اپنے ٹھکانوں کے غیر محفوظ ہونے پر تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے مالی مسائل میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں