1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہفرانس

شدید گرمی کی لہر: اس سال فرانسیسی وائن کی پیداوار کم رہے گی

مقبول ملک ، روئٹرز کے ساتھ۔ ادارت: | امتیاز احمد
12 اکتوبر 2025

دنیا بھر میں مشہور فرانسیسی وائن کی مجموعی پیداوار اس سال موسم گرما کی شدید لہر کے نتیجے میں اب تک کی توقعات سے کم رہے گی، جو تقریباﹰ 36 ملین ہیکٹو لٹر ہو گی۔ یہ بات پیرس میں فرانسیسی وزارت زراعت کی طرف سے بتائی گئی۔

پیرس کی ایک وائن شاپ میں یسپلے کی گئی کئی طرح کی وائن
پیرس کی ایک وائن شاپ میں ڈسپلے کی گئی کئی طرح کی وائنتصویر: picture alliance / Zoonar

فرانس کے دارالحکومت پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملکی وزارت زراعت نے بتایا کہ اس سال ملک میں وائن کی مجموعی پیداوار سے متعلق جو گزشتہ اندازے موسم بہار میں لگائے گئے تھے، ان کے تحت یہ پیداوار تقریباﹰ 37.4 ملین ہیکٹو لٹر رہنا تھی۔

تاہم رواں برس اگست میں کئی دیگر مغربی یورپی ممالک کی طرح فرانس کو بھی شدید گرمی کی جس لہر کا سامنا کرنا پڑا، اس نے ملکی زرعی شعبے اور وائن کی تیاری میں استعمال ہونے والے انگوروں کی فصل کو بھی متاثر کیا۔

فرانسیسی وائن کو دنیا بھر میں بہت پسند کیا جاتا ہےتصویر: Benis Arapovic/Zoonar/picture alliance

تازہ اندازوں کے مطابق ان موسمی اثرات کے نتیجے میں دنیا بھر میں پسند کی جانے والی فرانسیسی وائن کی رواں برس کے دوران کُل پیداوار اب 37.4 ملین ہیکٹو لٹر سے کم ہو کر 36 ملین ہیکٹو لٹر رہے گی، جو 2024ء میں ملک میں وائن کی مجموعی پیداوار کے مقابلے میں ایک فیصد کم ہو گی۔

گزشتہ پانچ برسوں کی سالانہ اوسط سے 16 فیصد کم پیداوار

یورپی یونین کی بڑی اقتصادی طاقتوں میں شمار ہونے والے فرانس کو اپنی مجموعی قومی آمدنی کا ایک کافی بڑا حصہ وائن کی فروخت خاص کر برآمد سے حاصل ہوتا ہے۔

اس سال شدید موسم گرما نے فرانس میں انگور کی فصل کو بھی متاثر کیاتصویر: Jean-Sebastien Evrard/AFP/Getty Images

اس حوالے سے فرانسیسی وزارت زراعت نے یہ بھی بتایا کہ وائن کی پیداوار سے متعلق تازہ ترین اندازوں کے لیے ملک میں ستمبر تک کا جو ڈیٹا استعمال کیا گیا، اس سے دو باتیں واضح ہو جاتی ہیں۔

ایک یہ کہ اس سال وائن کی پیداوار گزشتہ برس کے مقابلے میں کم رہے گی، اور دوسری یہ کہ یہ پیداوار اس حد تک کم رہے گی کہ وہ گزشتہ پانچ برسوں کی اوسط سالانہ پیداوار سے بھی 16 فیصد کم ہو گی۔

2020ء سے لے کر 2024ء تک کے پانچ سالہ عرصے میں فرانس میں وائن کی اوسط سالانہ پیداوار 42.86 ملین ہیکٹو لٹر رہی تھی، جو 2025ء میں اب صرف 36 ملین ہیکٹو لٹر رہے گی۔

فرانس میں زیر زمین ذخیرہ کیے گئے وائن کے بیرلتصویر: Artur Widak/NurPhoto/picture alliance

ایک ہیکٹو لٹر وائن کتنی ہوتی ہے؟

وہ ممالک، جہاں وائن کی پیداوار کافی زیادہ ہوتی ہے، وہاں اس پیداوار کی پیمائش کا پیمانہ ہیکٹو لٹر کہلاتا ہے۔

ایک ہیکٹو لٹر 100 لٹر کے برابر ہوتا ہے اور 0.7 لٹر کی اسٹینڈرڈ سائز سمجھی جانے والی وائن کی بوتلوں کے حساب سے ایک ہیکٹو لٹر 133 بوتلوں کے برابر بنتا ہے۔

یورپ میں متعدد ممالک ایسے ہیں، جہاں وائن کی پیداوار بہت زیادہ ہوتی ہے اور وہ وائن برآمد بھی کرتے ہیں۔ ان ممالک میں کسی حد تک جرمنی بھی شامل ہے۔

روسی دارالحکومت ماسکو کی ایک سپر مارکیٹ میں فرانس کی مہنگی اسپارکلنگ وائن کی بوتلیں اور ایک سیلز مینتصویر: Sergei Bobylev/TASS/dpa/picture alliance

تاہم فرانسیسی وائن دنیا میں مشہور ہے اور اسی لیے بہت زیادہ برآمد بھی کی جاتی ہے۔

جہاں تک یورپی یونین کے رکن ایسے دیگر ممالک کا تعلق ہے، جہاں تیار کردہ وائن کی بیسیوں اقسام مشہور بھی ہیں اور برآمد بھی کی جاتی ہیں، ان ملکوں میں سے اٹلی اور اسپین سب سے آگے ہیں۔

اسی لیے روایتی طور پر فرانس، اٹلی اور اسپین کے مابین یہ مقابلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ وائن تیار کرنے والا ملک کون سا ہے؟

مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں