1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلروس

شطرنج مقابلے میں روبوٹ نے اپنے حریف بچے کی انگلی توڑ دی

25 جولائی 2022

روس میں گزشتہ ہفتے منعقد شطرنج کے ایک مقابلے کے دوران ایک روبوٹ نے اپنے مد مقابل سات سالہ بچے کی انگلی توڑ دی۔ بچے کے والدین منتظمین پر کیس درج کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

Werner-Ott-Open des Kreuzberger Sommers im Schachclub Berlin
تصویر: Andreas Gora/dpa/picture alliance

روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق ماسکو میں گزشتہ ہفتے منعقدہ شطرنج کے مقابلے کے دوران یہ حیران کن واقعہ پیش آیا۔ ماسکو چیس فیڈریشن کے صدر سرگئی لازاروف نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا، "روبوٹ نے بچے کی انگلی توڑ دی، بلاشبہ یہ برا ہوا۔"

اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔ سی سی فوٹیج کی مدد سے تیار کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روبوٹ شطرنج کی بساط پر اپنی چال چلتا ہے۔ اس کے بعد جب بچہ اپنی چال چلتا ہے تو روبوٹ اس کی انگلی پکڑ لیتا ہے۔ اور اس کی انگلی توڑ دیتا ہے۔

جیسے ہی روبوٹ بچے کی انگلی پکڑتا ہے وہ چیخنا شروع کردیتا ہے جس کے بعد قریب کھڑے چار افراد اس کی مد د کے لیے آگے بڑھتے ہیں اور اسے روبوٹ کے چنگل سے چھڑا لیتے ہیں۔

حالانکہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے کو بچانے کے لیے آگے آنے والے لوگوں کو بھی سمجھ میں نہیں آیا کہ یہ سب کیسے ہوا۔

سرگئی لازوروف نے کہا کہ روبوٹ کو کرایے پر لیا گیا تھا اور اس سے پہلے بھی وہ کئی مرتبہ شطرنج کے مقابلے کھیل چکا ہے لیکن اس طرح کا کوئی واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔ تاس کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا بچہ اپنا کھیل تقریباً مکمل کرنے والا تھا۔

وجہ کیا ہوسکتی ہے؟

لازوروف نے بتایا کہ دراصل بچے نے روبوٹ کو اپنی چال چلنے کے لیے کم وقت دیا تھا۔ انہوں نے کہا، "بچے نے اپنی چال چلی، اس کے بعد روبوٹ کو جواب دینے کے لیے وقت دینا پڑتا ہے، لیکن بچے نے جلد بازی کی اور روبوٹ نے اس کی انگلی پکڑ لی۔ اس روبوٹ سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔"  انہوں نے بتایا کہ بچے نے بہر حال رضاکاروں کی مدد سے اپنا کھیل مکمل کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بچے کے والدین وکلاء سے مشورے کر رہے ہیں۔"بچے کے والدین وکیلوں سے رابطہ کر رہے ہیں، ہم ان سے بات کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیا کیا جاسکتا ہے اور ہم ہر ممکن مدد کریں گے۔"

لازوروف نے کہا کہ روبوٹ کے منتظمین کو اس امر پر توجہ دینی ہوگی کہ سلامتی کو کس طرح مستحکم کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہونے پائیں۔

بچہ ٹھیک ہے

ماسکو چیس فیڈریشن کے نائب صدر سرگئی سماگن نے خبر رساں ایجنسی نووستی کو بتایا کہ ایسا واقعہ پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، "کوئی سنگین معاملہ نہیں تھا، بچہ تقسیم انعامات کی تقریب میں بھی شریک ہوا اور اس نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ وہ ٹھیک ہے۔"

سماگن نے اس واقعے کو "انتہائی غیر معمولی" بتایا۔ انہوں نے کہا "روبوٹ کے ساتھ میچ کھیلنے کے کچھ سکیورٹی ضابطے ہوتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ بچے نے اس کی خلاف ورزی کی۔ جب اس نے چال چلی تو اس بات کا خیال نہیں رکھا کہ اسے انتظار کرنا چاہئے۔"

تصویر: picture-alliance/dpa

انسان بمقابلہ مشین

انسان اور مشین کے درمیان شطرنج کے مقابلے برسوں سے ہورہے ہیں۔ 10 فروری 1996 کا دن اس لحاظ سے تاریخی سمجھا جاتا ہے کہ پہلی مرتبہ ایک کمپیوٹر نے عالمی چمپیئن کو شطرنج میں ہرا دیا تھا۔

اس وقت عالمی چیمپیئن گرینڈ ماسٹر گیری کیسپروف کو آئی بی ایم کے ذریعہ تیار کردہ کمپیوٹر ڈیپ بلیو نے شکست دے کر پہلی مرتبہ اس کھیل میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے اگلے برس دونوں کا مقابلہ برابری پر ختم ہوا اور اس کے بعد پھر کاسپروف ہار گئے۔

اب انسانوں اور مشین کے درمیان شطرنج کا کھیل عام ہوچکا ہے اور اکثر ایک دوسرے کو شکست دیتے رہتے ہیں۔ بچوں کو مشق کرانے کے لیے بھی روبوٹ کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جارہا ہے۔

 ج ا/ ص ز  (ایجنسیاں)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں