شعیب اور ثانیہ اب بھی شہ سرخیوں میں
12 اپریل 2010حیدرآباد میں ثانیہ کے گھر پر شادی کی تیاریاں دھوم دھام سے کی جارہی ہیں جبکہ شعیب ملک ایک فتوے کے بعد ثانیہ کی رہائش گاہ سے شادی ہوجانے تک ایک مقامی ہوٹل میں چلے گئے ہیں۔ تاہم بھارتی سنی علماء بورڈ نے کسی ایسے فتوے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے، جس میں ثانیہ اور ملک کی شادی کو یہ کہہ کر ناجائز قرار دیا گیا تھا کہ وہ شادی سے پہلے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔ ثانیہ خود بھی چھ دن کے وقفے کے بعد گھر سے نکل کر اپنے سپانسر وی کرشنا ریڈی کے پوتے کی شادی میں شریک ہوئیں۔
دوسری جانب بھارت پہنچنے والی شعیب ملک کی بہنیں بھارت میں خریداری اور سیر وسیاحت میں مصروف ہوگئی ہیں۔ ولیمے کی تقریب 15اپریل کو ہوٹل تاج کرشنا میں منعقد ہوگی، جس میں 20 سے زائد اقسام کے پکوان پیش کئے جائیں گے۔
پاکستانی کرکٹر ملک کے پاسپورٹ کا معاملہ بھی اب تقریباً طے ہونے کے قریب ہے۔ بھارتی قانون کے تحت ملک کو مقامی عدالت میں اپنی سابقہ بیوی عائشہ صدیقی کے ساتھ پیش ہوکر کیس ختم کرنے کا حلفیہ بیان ریکارڈ کرانا ہوگا، جس کے بعد ان کے سفری دستاویزات واپس کردئے جائیں گے۔
دریں اثناء ملک کے آبائی شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاستدان فردوس عاشق اعوان نے ثانیہ اور ملک کی پاکستان آمد پر ان کو سونے کا تاج پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کی وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی کے بقول وہ صدر آصف علی زرداری کی طرف سے دونوں کے لئے خصوصی تحفہ بھی پیش کریں گی۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: گوہر نذیر گیلانی