1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی شام: باغیوں کے لیے غیر مہلک امریکی امداد معطل

عصمت جبیں11 دسمبر 2013

امریکا نے شمالی شام میں اپوزیشن کو مہیا کی جانے والی ہر قسم کی غیر مہلک امداد کی فراہمی معطل کر دی ہے۔ یہ فیصلہ اپوزیشن کی ملٹری کونسل کے ہیڈ کوارٹرز اور ذخیرہ گاہوں پر اسلام پسندوں کے قبضے کے بعد کیا گیا ہے۔

تصویر: Reuters

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترک دارالحکومت انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شامی اپوزیشن کو ہر قسم کی غیر مہلک امداد کی فراہمی کی معطلی کا فیصلہ اپوزیشن کی سپریم ملٹری کونسل کے ہیڈ کوارٹرز اور ذخیرہ گاہوں پر اسلامک فرنٹ کی فورسز کے حملے اور قبضے کے بعد کیا گیا ہے۔

خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں اسلامک فرنٹ چھ بڑے باغی گروپ کے اتحاد کا نام ہے۔ اس فرنٹ کے فائٹرز نے گزشتہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات ترکی کے ساتھ سرحد کے قریب فری سیریئن آرمی کے اڈوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ شامی اپوزیشن نے اپنے یہ فوجی اڈے شام کی ترکی کے ساتھ شمال مغربی سرحد کے قریب باب الہوا نامی شامی علاقے میں قائم کر رکھے تھے۔

خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں اسلامک فرنٹ چھ بڑے باغی گروپ کے اتحاد کا نام ہےتصویر: Mahmud Al-Halabi/AFP/Getty Images

شامی اپوزیشن کے ان فوجی اڈوں پر اسلام پسندوں کے قبضے کے بعد ترکی نے مشترکہ سرحدی گزرگاہ کو اپنی طرف سے بند کر دیا۔ پھر مقامی کسٹمز حکام کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ سرحدی گزرگاہ کے پار شامی علاقے میں جھڑپوں میں تیزی آ گئی تھی۔ تاہم ترک حکومتی ذرائع کی طرف سے اس کی ابھی تک باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی۔

نیوز ایجنسی روئٹرز نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف مارچ 2011ء میں پرامن احتجاجی مظاہروں کے ساتھ شروع ہونے والی جدوجہد کافی عرصے سے باقاعدہ خانہ جنگی بن چکی ہے۔ لیکن شامی باغیوں کی صدر اسد کو اقتدار سے علیحدہ کرنے کی کوششیں اس لیے کافی کمزور پڑ چکی ہیں کہ ان باغیوں کے مختلف دھڑوں کے مابین خونریز جھڑپیں اب معمول بن چکا ہے۔

انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق فری سیریئن آرمی کے اڈوں پر اسلامک فرنٹ کے فائٹرز کے قبضے کے بعد واشنگٹن نے ’شمالی شام میں اپوزیشن کو مہیا کی جانے والی غیر مہلک امداد کی ہر قسم کی سپلائی معطل‘ کر دی ہے۔ تاہم سفارت خانے کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی اس اقدام سے متاثر نہیں ہوئی کیونکہ یہ امداد بین الاقوامی اور غیر حکومتی تنظیموں کے ذریعے تقسیم کی جاتی ہے۔

روئٹرز کے مطابق باب الہوا میں ایف ایس اے کے فوجی اڈوں پر شامی باغیوں کے حریف دھڑے کے جنگجوؤں کے قبضے پر ابھی تک اپوزیشن کی فری سیریئن آرمی کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں