1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی غزہ ميں تيسرے روز بھی لڑائی جاری، مزيد ہزاروں بے گھر

29 جون 2024

شمالی غزہ ميں اسرائيلی دفاعی فورسز اور حماس کے مابين شديد جھڑپوں کا سلسلہ تيسرے دن بھی جاری ہے۔ اس دوران مزيد درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔

Israel-Gaza-Krieg | Flüchtlingslager
تصویر: Majdi Fathi/IMAGO

شمالی غزہ ميں اسرائيلی عسکری آپريشن ہفتے کو تيسرے روز بھی جاری رہا۔ نيوز ايجنسی اے ايف پی کی رپورٹ کے مطابق اس دوران غزہ کا يہ حصہ دھماکوں، فضائی حملوں اور گولہ باری کی آوازوں سے گونجتا رہا۔ اے ايف پی کے ايک نمائندے نے بتایا کہ غزہ سٹی کے پاس شجيہ ميں دھماکے جاری رہے جبکہ علاقہ مکينوں کے مطابق لاشيں سڑکوں پر ديکھی جا سکتی تھیں۔ اسرائيلی فوج نے کہا ہے کہ شجیہ میں اس کی جانب سے زمين پر اور زير زمين سرنگوں ميں کارروائی جاری ہے، جس ميں جنگجوؤں کی ايک بڑی تعداد ہلاک ہو چکی ہے۔

تصویر: Marwan Dawood/Xinhua/IMAGO

اسرائيل نے چند ماہ قبل اعلان کيا تھا کہ شمالی غزہ ميں فلسطينی تنظيم حماس کے کمان سينٹر کو تباہ کر ديا گيا ہے۔ تاہم اب اس علاقے ميں تازہ جھڑپيں جاری ہيں۔ واضح رہے کہ امريکا، يورپی يونين اور ديگر چند ممالک حماس کو دہشت گرد تنظيم قرار ديتے ہيں۔

اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے گزشتہ اتوار کو کہا تھا کہ غزہ میں تقریباﹰ نو ماہ سے جاری جنگ کا اہم ترين دور اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ تاہم عسکری ماہرين کی رائے ميں يہ دور بھی کافی عرصے تک چل سکتا ہے۔ دريں اثناء اسرائيل کی شمالی سرحد پر لبنان کے ساتھ بھی اس وقت شديد کشيدگی جاری ہے۔

غزہ میں کیمپوں کے اردگرد کوڑے کے ڈھیر، مزید بیماریاں پھیلنے کا خطرہ

غزہ سٹی پر نئے اسرائیلی حملے: متعدد ہلاکتیں، درجنوں زخمی

پوری غزہ پٹی میں قحط کا شدید خطرہ، عالمی ادارے کی تنبیہ

گزشتہ برس سات اکتوبر کو حماس نے جنوبی اسرائيلی علاقوں پر ایک دہشت گردانہ حملہ کيا، جس ميں 1,195 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جنگجو دو سو سے زائد اسرائيلی شہريوں کو يرغمال بنا کر بھی لے گئے، جن ميں سے ايک سو سولہ اب بھی ان کی قيد میں ہيں۔ اسی حملے کے رد عمل ميں حماس اور اسرائيلی دفاعی فورسز کی مابين شروع ہونے والی جنگ ميں اب تک 37,834  افراد ہلاک اور 86,858  زخمی ہو چکے ہيں۔

’فلسطینیوں کی سلامتی کے بغیر اسرائیلی سکیورٹی ممکن نہیں‘

04:02

This browser does not support the video element.

تازہ جھڑپيں اور پيش رفت

اسرائيلی فوج نے جمعے کو بتايا تھا کہ شجيہ کے علاقے ميں حماس کے جنگجوؤں کے خلاف ہدف مقرر کر کے حملے کيے جا رہے ہيں۔ حماس اور فلسطينی جنگجو گروپ اسلامی جہاد نے بھی جمعے کو تصديق کی کہ ان کے فائٹرز شجيہ ميں متحرک ہيں۔

دريں اثناء اقوام متحدہ کی ايجنسی او سی ايچ اے کے مطابق اسی ہفتے متاثرہ علاقے سے ساٹھ تا اسی ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہيں۔ اقوام متحدہ نے حماس کے زير انتظام وزارت صحت کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں صحت سے متعلق ستر فيصد بنيادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔

غزہ میں جنگ بندی، نیتن یاہو پر بڑھتا دباؤ

01:33

This browser does not support the video element.

ع س / م ا / ع آ (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں