1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

شمالی غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، کم ازکم سترہ فلسطینی ہلاک

18 نومبر 2024

شمالی غزہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے مسلسل دوسرے روز بھی بیت لاہیہ کو نشانہ بنایا۔ ایک گھر پر حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت سترہ افراد ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ شمالی غزہ میں عسکریت پسند گروہ حماس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ شمالی غزہ میں عسکریت پسند گروہ حماس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہےتصویر: Omar AL-QATTAA/AFP

غزہ میں حماس کے زیر انتظام محکمہ شہری دفاع کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے آج 18 نومبر بروز پیر شمالی غزہ میں واقع شہر بیت لاہیہ میں ایک گھر پر میزائل حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں دو میزائل فائر کیے گئے تھے، جس کے بعد حملے کا نشانہ بننے والے گھر کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ابھی تک ان معلومات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی اور اسرائیلی فوج نے بھی اس واقعے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اس سے قبل اتوار کو بیت لاہیہ میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں 72 افراد کے مارے جانے کی اطلاع تھیتصویر: Omar AL-QATTAA/AFP

اس سے قبل اتوار کو بیت لاہیہ میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں 72 افراد کے مارے جانے کی اطلاع تھی۔ یہ دعویٰ بھی غیر مصدقہ ہے جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اس پر بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

غزہ کے لیے کوئی پلان بی نہیں، لازارینی

غزہ میں اقوام متحدہ کی فلسطینیوں کے لیے امدادی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے سربراہ فیلیپے لازارینی نے کہا ہے کہ  غزہ پٹی میں ان کے ادارے کے کام کا واحد متبادل اسرائیل کو وہاں خدمات کی فراہمی کی اجازت دینا ہے۔ یہ بات انہوں نے   پیر کے روز نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے دنیا بھر کے ممالک سے اس تنظیم پر اسرائیلی پابندی کے خلاف مزاحمت کرنے کے اپنے مطالبے کو بھی دہرایا۔ فیلیپے لازارینی اپنی تنظیم کے عطیہ دہندگان کے ساتھ حکمت عملی سے متعلق ایک اجلاس میں شرکت کے لیے جینیوا میں ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ماہ یو این آر ڈبلیو اے کے کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جسے لازارینی نے اس ایجنسی کی تاریخ کے سیاہ ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا تھا۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ''میں نے رکن ممالک کی توجہ مبذول کرائی ہے کہ اب گھڑی ٹک  ٹک کر رہی ہے، ہمیں اسرائیلی پارلیمان کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے پر پابندی کے  بل پر عمل درآمد کو رکوانا ہوگا۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ  غزہ میں اس ایجنسی کی خدمات کا اس کے سوا اور کوئی متبادل نہیں کہ اسرائیل اس کے آپریشن اپنے ہاتھ میں لے لے۔

غزہ کی جنگ کے متوازی لبنان میں جاری لڑائی نے بھی اس ملک میں انسانی صورت حال کو ڈرامائی طور پر ابتر کر دیا ہےتصویر: Houssam Shbaro/Anadolu/picture alliance

لبنان میں بھی لڑائی جاری

لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ ملیشیا نے کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے پیر کے روز جنوب میں واقع قصبے خیام میں اسرائیلی فوجیوں پر چار حملے کیے۔  ایک روز قبل اس ملیشیا نے اسی علاقے میں اسرائیلی فوجیوں پر کم از کم سات حملوں کی اطلاع دی تھی۔

اسی دوران لبنان کے مقامی میڈیا نے اسرائیلی فوج کی طرف سے مختلف علاقوں پر نئے فضائی اور توپ خانے سے زمینی حملوں کی اطلاع دی ہے۔ غزہ کی جنگ کے متوازی لبنان میں جاری لڑائی نے بھی اس ملک میں انسانی صورت حال کو ڈرامائی طور پر ابتر کر دیا ہے۔

لبنانی حکومت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین لڑائی میں اب تک لبنان میں  3,400 سے زائد افراد ہلاک اور 14,700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ گزشتہ ایک ہفتے سے جنوبی بیروت کے مضافات میں حزب اللہ کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔

اسی دوران اتوار کے روز وسطی لبنان میں کیے گئے ایک اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے ذرائع ابلاغ کے شعبے کے سربراہ اور مرکزی ترجمان محمد عفیف مارے گئے تھے۔

ش ر/ک م، م م (ڈی پی اے، روئٹرز)

سات اکتوبر کو ہوا کیا؟ جس کے بعد اسرائیلی حملے شروع ہوئے!

02:44

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں