شمال مغربی پاکستان: خود کُش حملے میں 41 ہلاک
25 دسمبر 2010یہ دھماکہ خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز کے قریب کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی ادارے ورلڈ فُوڈ پروگرام کی جانب سے تقسیم کی جانے والی اَشیائے خوراک لینے کے لئے کوئی ایک سو افراد جمع تھے، جب حملہ آور نے اُن کے بیچوں بیچ خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
اِس مرکز میں، جو جھڑپوں کے باعث گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو جانے والے ہزارہا شہریوں کے لئے قائم کیا گیا ہے، دیگر امدادی اور فلاحی تنظیمیں بھی آ کر متاثرین میں راشن تقسیم کیا کرتی ہیں۔ باجوڑ کے علاقے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز گزشتہ کئی مہینوں سے طالبان اور القاعدہ کے چھاپہ ماروں کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔
مقامی قبائلی انتظامیہ کے ایک اہلکار سہیل خان نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ کم از کم 41 افراد ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی ایک شدید زخمی ہیں۔
سرکاری اہلکاروں اور عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز سے باتیں کرتے ہوئے باجوڑ کے مرکزی ہسپتال کے ایک عہدیدار دوستی رحمان نے بتایا:’’40 لاشیں مَیں نے خود گنی ہیں لیکن ہلاکتوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے کیونکہ بہت سے زخمیوں کی حالت نازُک ہے۔‘‘
یہ خود کُش حملہ افغان سرحد پر پیش آنے والے اُس واقعے کے صرف ایک روز بعد سامنے آیا ہے، جس میں تقریباً 150 طالبان نے پاکستانی فوج کی پانچ سرحدی نگران چوکیوں پر حملہ کر کے 11 پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ اِس کے فوراً بعد شروع ہونے والی جھڑپوں میں 24 باغی مارے گئے تھے۔
رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل