شکیرا کی یوکرائن کے فٹ بال اسٹیڈیم میں پرفارمنس
9 اکتوبر 2011شکیرا نے ساٹھ ہزار کے قریب تماشائیوں کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس اسٹڈیم کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ یہاں نہ صرف یہ کہ یورو کپ دوہزار بارہ کے پانچ میچ کھیلے جائیں گے بلکہ یکم جولائی دو ہزار بارہ کو ٹورنامنٹ کا فائنل بھی اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ میدان کی تعمیر نو کے حوالے سے کرپشن سمیت کئی تنازعات سامنے آتے رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ شکیرا کا صدر یانوکووچ کے ہمراہ اس تقریب میں شرکت کا مقصد یوکرائن کے یورو کپ مقابلے منعقد کرنے کے عزم کو تقویت دینا ہے۔
خیال رہے کہ اگلے برس فٹ بال یورو کپ مقابلے یوکرائن اور پولینڈ مشترکہ طور پر کروا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ شکیرا گزشتہ برس جنوبی افریقہ میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں کی تقریب میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ یوکرائن میں ہونے والی اس تقریب میں شکیرا کے علاوہ دو ہزار فن کاروں نے پرفارم کیا۔ تقریب کی خاص بات آتش بازی بھی تھی جس سے لوگ بہت محظوظ ہوئے۔
مذکورہ اسٹیڈیم جون تک مکمل ہو جانا چاہیے تھا تاہم کرپشن سمیت مختلف تنازعات کے باعث اس کی تکمیل مقررہ وقت تک نہ ہو سکی۔ اس اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر پانچ سو پچاسی ملین یورو لاگت آئی ہے۔ تاخیر کے سبب یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن نے یوکرائن کے ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی صلاحیت پر سوالات اٹھائے تھے۔ تاہم یوکرائن کے حکام کی یقین دہانیوں کے بعد ستمبر تک یو ای ایف اے کو اسٹیڈیم کے حوالے سے اطمینان ہو گیا تھا۔
اس اسٹیڈیم پر کام تین برس پہلے شروع ہوا تھا۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد