1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شہزادہ ہیری اور میگھن کو شاہی مکان خالی کرنے کا حکم

2 مارچ 2023

اطلاعات کے مطابق دونوں سے کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے شاہی خاندان کی ونڈسر اسٹیٹ پر واقع اپنا مکان خالی کر دیں۔ یہ حکم خود شاہ چارلس نے دیا ہے۔

UK | Beerdigung Queen | Harry und Meghan
تصویر: Martin Meissner/AP Photo/picture alliance

برطانوی میڈیا نے یکم مارچ بدھ کے روز یہ اطلاع دی تھی کہ برطانیہ کے کنگ چارلس سوئم نے اپنے بیٹے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو برطانیہ میں اپنا شاہی گھر خالی کر دینے کی ہدایت کی ہے۔

میگھن اور پرنس ہیری کا انٹرویو، ملکہ الزبتھ کا الزامات سنجیدگی سے لینے کا اعلان

معروف اخبار دی سن نے بدھ کو ایک خبر شائع کی کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کو بتا دیا گیا ہے کہ وہ لندن کے مضافات میں واقع شاہی خاندان کی ونڈسر اسٹیٹ کی اپنی جائیداد خالی کر دیں۔

پرنس ہیری اور میگھن کا شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان

معروف اخبار ٹیلی گراف کے مطابق کنگ چارلس نے کہا ہے کہ دونوں ' فروگمور کاٹیج' نامی مکان خالی کر دیں تاکہ اس میں شہزادہ اینڈریو رہنے کے لیے داخل ہو سکیں۔

برطانو ی شاہی گھرانے کے افراد کے طور پر پرنس ہیری اور میگھن کا آخری پیغام

امریکہ میں مقیم ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کے ترجمان نے میڈیا میں آنے والی ان ابتدائی رپورٹوں کی توثیق کرتے ہوئے کہا، ''ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس سے فروگمور کاٹیج میں اپنی رہائش گاہ خالی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔''

سن 2018 میں اپنی شادی کے بعد یہ جوڑا اس گھر میں منتقل ہوا تھا۔ سن 2020 میں اپنے شاہی فرائض اور خطاب کو ترک کرنے کے بعد دونوں کیلیفورنیا منتقل ہو گئے تھے۔ تاہم برطانیہ میں فروگمور کاٹیج ان کی رہائش برقرار رہی تھی۔

جوڑے کو ابھی تک یہ بھی نہیں معلوم ہے کہ آیا انہیں چارلس کی تاج پوشی میں مدعو کیا جائے گا یا نہیںتصویر: Henry Nicholls/AP Photo/picture alliance

کیا ہیری اپنے والد کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے؟

اطلاعات کے مطابق ہیری اور میگھن سے اس برس جنوری میں اس وقت جائیداد خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا، جب شہزادے نے اپنی یاد داشت پر مبنی ''اسپیئر'' نامی کتاب شائع کی تھی۔

ہیری کے غیر سرکاری سوانح نگار اومید سکوبی نے یاہو نیوز پر لکھا تھا کہ ''ابتدائی طور پر انہیں مکان خالی کرنے کے لیے صرف چند ہفتے دیے گئے تھے، تاہم اب کم سے کم ان کے پاس تاج پوشی کی تقریب تک کا وقت ہے۔''

جوڑے کو ابھی تک یہ بھی نہیں معلوم ہے کہ آیا انہیں چارلس کی تاج پوشی میں مدعو کیا جائے گا یا نہیں۔ دونوں فروگمور کا استعمال اس وقت کرتے رہے ہیں جب وہ برطانیہ میں واپس آتے ہیں، جیسے کہ گزشتہ برس مرحوم ملکہ الزبتھ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے لیے آئے تھے۔

تاہم جوڑے کے واپس جانے کے بعد ہی ہیری کی کزن شہزادی یوجینی اور ان کے شوہر کو یہ مکان استعمال کے لیے دے دیا گیا تھا، لیکن دی سن اخبار کے مطابق وہ بھی وہاں سے چلے گئے۔

پرنس اینڈریو بھی اس مکان میں رہنا نہیں چاہتے ہیں

کنگ چارلس کے بھائی پرنس اینڈریو، جو سزا یافتہ امریکی جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ اپنے تعلقات کی وجہ سے اپنے شاہی کردار کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے، کو اس کاٹیج کی پیشکش کی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق کنگ چارلس اینڈریو کو سالانہ لاکھوں پونڈ ملنے والی گرانٹ کو ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اس اقدام کی وجہ سے وہ اپنی موجودہ 30 کمروں پر مشتمل رہائش گاہ کو چھوڑنے پرمجبور ہو سکتے ہیں، جو ونڈسر اسٹیٹ پر واقع ہے اور جس کی دیکھ بھال پر بڑا خرچ آتا ہے۔ تاہم اینڈریو مبینہ طور پر اسی شاہی لاج میں رہنا چاہتے ہیں۔

 بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ وہ ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں