اسرائیل میں دو ہزار سال پرانی بائبل کی باقیات کی دریافت
16 مارچ 2021
اسرائیل میں ماہرین آثار قدیمہ کو مسیحیوں کی مقدس کتاب بائبل کے دو ہزار سال پرانے ایک مخطوطہ نسخے کی باقیات ملی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت ’بحیرہ مردار کے مخطوطوں‘ کی دریافت کے بعد سے آج تک کی اہم ترین بازیافت ہے۔
اشتہار
یروشلم سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق آثار قدیمہ سے متعلق اسرائیلی اتھارٹی (آئی اے اے) کے ماہرین کو انتہائی قدیمی انجیل کی یہ بہت گراں قدر باقیات آج منگل سولہ مارچ کے روز صحرائے یہودا سے ملیں، جو جنوبی اسرائیل سے لے کر مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے تک پھیلا ہوا ہے۔
'خوف ناکیوں کی غار‘
آثار قدیمہ کی اسرائیلی اتھارٹی نے بتایا کہ ایک رول کی شکل میں بائبل کے ہاتھ سے لکھے گئے ایک نسخے کی یہ باقیات اس علاقے میں کھدائی کرنے والے ماہرین کو ایک ایسی جگہ سے ملیں، جو Cave of Horrors یا 'خوف ناکیوں کی غار‘ کہلاتی ہے۔
یہ باقیات عبرانی زبان کی بائبل کے یونانی ترجمے کی ہیں، جو 1960 کی دہائی سے لے کر آج تک کی اپنی نوعیت کی اہم ترین دریافت ہے۔ آئی اے اے نے ایک بیان میں کہا، ''گزشتہ تقریباﹰ ساٹھ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی ماہرین آثار قدیمہ کو کھدائی کے دوران بائبل کے کسی انتہائی قدیمی نسخے کی ایسی باقیات ملی ہیں۔‘‘
'بارہ نابالغ پیغمبروں کی کتاب‘
اسرائیلی مقتدرہ برائے آثار قدیمہ کے ماہر اورین ایبل مین نے بتایا کہ یہ باقیات اسی مخطوطے کا حصہ ہیں، جسے تاریخی حوالے سے 'بارہ نابالغ پیغبروں کی کتاب‘ یا Book of the Twelve Minor Prophets کہا جاتا ہے، اور جن کا پہلا حصہ 1950 کی دہائی میں صحرائے یہودا میں 'خوف ناکیوں کی غار‘ نامی جگہ سے ہی مقامی بدوؤں کو ملا تھا۔
'خوف ناکیوں کی غار‘ نامی جگہ کو یہ نام اسی لیے دیا گیا تھا کہ وہاں نصف صدی سے بھی زائد عرصہ قبل کھدائی کے دوران کئی انتہائی بوسیدہ انسانی ڈھانچوں کی باقیات ملی تھیں۔ یہ جگہ جغرافیائی طور پر بھی انتہائی دشوار گزار سمجھی جاتی ہے۔
بائبل کی نو دریافت شدہ لیکن قریب دو ہزار سال پرانی باقیات میں مسیحیوں کی کتاب مقدس کا متن زیادہ تر قدیم یونانی زبان میں لکھا ہوا ہے، جو اس دور میں بہت زیادہ استعمال ہونے والی علمی زبان تھی۔
اسرائیلی ماہرین کے مطابق آج ملنے والی بائبل کی باقیات 'بحیرہ مردار کے مخطوطوں‘ یا Dead Sea Scrolls کی دریافت کے بعد سے آج تک کی اہم ترین پیش رفت ہے۔ 'بحیرہ مردار کے مخطوطے‘ ان تقریباﹰ 900 مسودوں کو مجموعی طور پر کہا جاتا ہے، جو 1947 اور 1956 کے درمیانی عرصے میں دریافت ہوئے تھے۔
یہ نسخے قمران کی غاروں سے ملے تھے، جو موجودہ مقبوضہ مغربی اردن کے علاقے میں بحیرہ مردار سے اونچائی پر واقع ہیں۔ رولز کی صورت میں لپیٹے ہوئے بائبل کے قلمی نسخوں کی یہ باقیات انجیل کی آج تک ملنے والی قدیم ترین تحریری باقیات میں شمار ہوتی ہیں۔
م م / ع س (اے ایف پی، اے پی)
سعودی عرب کے تاراج شہر میں خوش آمدید
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ملک کے دروازے سب کے لیے کھولنا چاہتے ہیں۔ مستقبل میں سیاح آثار قدیمہ کا ایک نایاب خزانہ دیکھنے کے قابل ہوں گے۔ العلا نامی یہ قدیمی نخلستان ملک کے شمال مغرب میں واقع ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
قدیم تہذیب
العلا کبھی خطے کے مختلف تجارتی راستوں کا مرکز ہوا کرتا تھا۔ اس مقبرے کی طرح یہ علاقہ آثار قدیمہ کے خزانے سے بھرا ہوا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
ایک سو گیارہ مقبرے
مدائن صالح سعودی عرب کے مشہور شہر مدینہ سے تقریبا چار سو کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ العلا کے مضافات میں واقع یہ آثار قدیمہ سن دو ہزار آٹھ سے عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔ دو ہزار برس پہلے یہاں پتھروں کو تراشتے ہوئے ایک سو گیارہ مقبرے بنائے گئے تھے۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
انجینئرنگ کا بہترین نمونہ
قدیم دور میں یہ قوم الانباط کا مرکزی اور تجارتی علاقہ تھا۔ یہ قوم اپنی زراعت اور نظام آبپاشی کی وجہ سے مشہور تھی۔ یہ قوم نظام ماسيليات (ہائیڈرالک سسٹم) کی بھی ماہر تھی اور اس نے اس خشک خطے میں پانی کے درجنوں مصنوعی چشمے تیار کیے تھے۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
قدیم زمانے کے پیغامات
قدیم دور کا انسان کئی پیغامات پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ یہ وہ جملے ہیں، جو دو ہزار برس پہلے کنندہ کیے گئے تھے۔ امید ہے سیاح انہیں نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
مل کر حفاظت کریں گے
سعودی ولی عہد نے فرانس کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک مل کر ایسے قدیم شہروں کی حفاظت کریں گے تاکہ آئندہ نسلیں بھی ان کو دیکھ سکیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
ایک نظر بلندی سے
اس کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے پہلے اس سے متعلقہ تمام اعداد و شمار جمع کیے جا رہے ہیں۔ مارچ میں پیمائش کے دو سالہ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس کے لیے سیٹلائٹ تصاویر، ڈرونز اور ہیلی کاپٹر استعمال کیے جا رہے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
سیاحوں کے لیے ویزے
ابھی تک صرف مخصوص شخصیات کو ہی ان آثار قدیمہ تک جانے کی اجازت فراہم کی جاتی تھی۔ مثال کے طور پر سن دو ہزار پندرہ میں برطانوی پرنس چارلس کو العلا میں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ اب سعودی عرب تمام سیاحوں کی ایسے اجازت نامے فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/empics/J. Stillwell
قیام گاہوں کی کمی
تین سے پانچ برسوں تک تمام سیاحوں کی رسائی کو العلا تک ممکن بنایا جائے گا۔ ابھی یہ شہر سیاحوں کی میزبانی کے لیے تیار نہیں ہے۔ فی الحال وہاں صرف دو ہوٹل ہیں، جن میں ایک سو بیس افراد قیام کر سکتے ہیں۔