1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روک دی

15 اپریل 2020

امریکی صد ر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لیے عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کو دی جانے والی امداد کو روک دینے کا اعلان کیا ہے۔

Washington Weißes Haus PK Coronavirus Trump
تصویر: AFP/M. Ngan

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے ڈبلیو ایچ او کو مالی امداد روکنے کے امریکی فیصلے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایسے اقدامات کرنے کا وقت نہیں ہے۔‘

 صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کے حوالے معمول کی بریفنگ کے دوران ڈبلیو ایچ او کے لیے مالی امداد روکنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، ”میں اپنی انتظامیہ کو ہدایت کر رہا ہوں کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روک دیں اور ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیں جس نے انتہائی بد انتظامی کی اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپایا ۔ ڈبلیو ایچ او اپنا بنیادی فرض ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کا احتساب ہونا چاہیے۔“

کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں تقریباً بیس لاکھ افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ سوا لاکھ سے زیادہ لوگوں کو موت ہوچکی ہے۔ ان میں چھ لاکھ مریضوں اور 26 ہزار ہلاکتوں کا تعلق امریکہ سے ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کی نا اہلی کی وجہ سے دنیا میں کورونا وائرس کے کیسیز بیس گنا بڑھ گئے۔ چین پر سفری پابندیاں لگانے کے ان کے مطالبے کی ڈبلیو ایچ او نے نکتہ چینی کی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا ”دنیا میں ہر طرح کی غلط معلومات پہنچائیں گئیں جس میں معلومات اور ہلاکتوں کے بارے میں غلط اطلاعات شامل تھیں۔ اگر ڈبلیو ایچ او چین میں جا کر اس وبا کا جائزہ لیتا تو زیادہ زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔“

امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت پر الزام لگایا کہ اس نے زندگیاں بچانے سے زیادہ سیاسی بنیادوں پر فیصلے کیے اور وبا کے بارے میں چین کے دعووں کو ہی تسلیم کیا۔

اقو ام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے صدر ٹرمپ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت یا دیگر کسی ایسی انسانی تنظیم کو دی جانے والی مالی امداد اور دیگر وسائل کو روکنے کا یہ وقت نہیں ہے، جو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں۔

انٹونیو گوٹیریس نے ایک بیان میں کہا”میرا یہ یقین ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی ہر طرح سے مدد کی جانی چاہیے۔ کیوں کہ ایسا کرنا عالمی برادری کی طرف سے کووڈ انیس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔“

امریکہ ڈبلیو ایچ او کو سالانہ 50 کروڑ ڈالر فراہم کرتا ہے جو ادارے کے کل بجٹ کا تقریباً 15 فیصد ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ڈبلیو ایچ او کی رقم روک کر ان چیزوں پر خود خرچ کریں گے جہاں اس کی ضرورت ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے بروقت اور موثر اقدامات نہیں کرنے کے سلسلے میں صدر ٹرمپ خود تنقید کی زد میں ہیں، تاہم ٹرمپ اس کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہوں نے حسب ضرورت فیصلے کیے۔

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ لاک ڈاون ختم کرنے کے حوالے سے اس ہفتے گائیڈ لائنس جاری کردے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ ریاستیں یکم مئی سے پہلے ہی کھل جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں ہر ریاست کے گورنر کو خود ذمہ داری لینی ہوگی اور جو ریاستیں کم متاثرہ ہیں انہیں سب سے پہلے کھولا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے تاہم یہ بھی واضح کیا کہ وہ تمام ریاستوں کی صورت حال پر سخت نگاہ رکھیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ لاک ڈاون کو ختم کرنے کے حوالے سے صدر ٹرمپ اور ریاستوں کے گورنروں کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔

ج ا / ص ز (ایجنسیاں)

کورونا وائرس: بچنے کے امکانات کتنے

02:06

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں