صرف تیس ہزار مہاجرین کو پناہ دیں گے: فرانسیسی وزیر اعظم
25 ستمبر 2015مانویل والس نے کل جمعرات کی رات فرانس ٹُو ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے یورپ داخل ہونے والے مہاجرین کو پناہ دینے کے معاملے پر پیرس حکومت کی پالیسی کی وضاحت کی۔ والس نے واضح کیا کہ فرانس شام میں پیدا شدہ حالات اور آمریت کی بنیاد پر ملک چھوڑنے والے شامی مہاجرین کی کُل تعداد کو پناہ نہیں دے سکتا۔ والس نے اِسی انٹرویو میں کہا کہ اُن کا ملک صرف تیس ہزار شامی مہاجرین کو اگلے دو برسوں میں پناہ دے گا اور اِس سے زیادہ کی گنجائش نہیں ہے۔
یورپی یونین نے پلان کیا ہے کہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار مہاجرین کو اٹھائیس رکن ریاستوں میں کوٹے کی بنیاد پر پناہ دی جائے گی۔ مانویل والس نے اٹھائیس رکنی تنظیم کے پلان کا احساس کرتے ہوئے انٹرویو کے دوران بتایا کہ فرانس تیس ہزار مہاجرین کو یورپی یونین کے وسیع پلان کے تحت پناہ دے رہا ہے۔ والس نے پناہ گزینی کے پیچیدہ مسئلے پر وضاحت کی کہ امیگریشن کے ذریعے فرانس میں آباد ہونے کی سہولت یقینی طور پر موجود ہے لیکن اِس طریقہٴ کار کو قانون، ضابطے اور پیرس حکومت کے مالی مسائل کے تناظر میں منظم کرنا ضروری ہے۔
فرانس ٹُو ٹیلی وژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم مانویل والس کہا کہ فرانس پہلے ہی سالانہ بنیادوں پر تقریباً دو لاکھ افراد کو امیگریشن کے تحت خوش آمدید کہہ رہا ہے۔ ان دو لاکھ افراد میں مختلف خاندانوں کے میل ملاپ، تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلبا اور اقتصادی مہاجرت کے تحت آنے والے غیر ملکی شامل ہیں۔ اپنے انٹرویو میں والس نے کہا کہ جن غیر ملکی اور غیر قانونی تارکینِ وطن کی پناہ کی درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی، اُن کو سرحد پار پہنچا دیا جائے۔
رواں ہفتے کے دوران پیر کے روز اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم نے یورپی ملکوں کو خبردار کیا تھا کہ جس طرح حالیہ ہفتوں میں مہاجرین یورپ میں داخل ہوئے ہیں، اُس کا ادراک کرتے ہوئے سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کی دس لاکھ درخواستیں موصول ہو سکتی ہیں۔ عراق اور شام میں پیدا جنگی حالات کے باعث لوگ نقل مکانی پر مجبور ہونے کے بعد اب اپنے اپنے ملکوں سے نکل کر جان بچانے کی فکر میں ہیں۔ اس تنظیم کے مطابق کم از کم پانچ لاکھ افراد کی درخواستیں منظور ہونے کا امکان ہے۔