1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

ضلع کرم میں دو قبائل کے مابین تصادم، بیالیس افراد ہلاک

29 جولائی 2024

مقامی حکام کے مطابق گزشتہ چھ روز سے جاری لڑائی میں ایک سو اسی سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لڑائی روکنے کے لیے کی جانے والی کوششیں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکیں۔

کرم کا علاقہ ماضی میں بھی متعدد بار فرقہ وارانہ لڑائیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا زیاں دیکھ چکا ہے (فائل فوٹو)
کرم کا علاقہ ماضی میں بھی متعدد بار فرقہ وارانہ لڑائیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا زیاں دیکھ چکا ہے (فائل فوٹو) تصویر: Getty Images

پاکستانکے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں حکام کے مطابق  دو قبائل کے درمیان زمین کے تنازعے پر جھڑپوں میں اب تک کم ازکم بیالیس افراد ہلاک اور ایک سو اسی سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں خاندانی جھگڑے عام ہیں تاہم یہ خیبر پختونخوا میں خاص طور پر طویل اور پرتشدد ہو سکتے ہیں، جہاں بسنے والے روایتی قبائلی اقدار کے ضابطوں کی پابندی کرتے ہیں۔

 ایک  مقامی پولیس اہلکار مرتضیٰ حسین کے مطابق مدگی اور مالی خیل قبائل کے مابین  بدھ کے روز یہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی، جب ایک مسلح شخص نے زرعی زمین پر دہائیوں سے جاری تنازعے پر مذاکرات کرنے والی کونسل پر فائرنگ کر دی۔

دور افتادہ علاقہ ہونے کی وجہ سے کرم میں جاری لڑائی میں ذخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کی سہولت مہیا کرنے میں بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیںتصویر: Getty Images/AFP/Str

اس پولیس اہلکار کے مطابق اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا تاہم اس واقعے نے دونوں قبائل کے مابین پائی جانے والی دیرینہ فرقہ وارانہ کشیدگی کو پھر سے ہوا دے دی۔ مدگی قبیلہ سنی جبکہ مالی خیل شیعہ مسلک سے تعلق رکھتا ہے۔

خیبر پختونخوا میں صوبائی وزارت داخلہ کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، ''کرم میں حکومتی کوششوں سے جنگ بندی ہو گئی تھی ۔ تاہم رات گئے فائرنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس نے بدھ سے جاری ان جھڑپوں میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 42 بتائی ہے، مارے جانے والوں میں تمام مرد ہیں جبکہ 183 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں کچھ خواتین بھی شامل ہیں۔

اس علاقے میں قبائلی جنگجو خواتین، بچوں اور گھروں کو نشانہ نہ بنانے کے ضابطہ اخلاق کے پابند ہیں۔

 ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے کہا ہے کہ ان جھڑپوں کے دوران تشدد سے ''عام شہریوں نے بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے،‘‘ جن کی نقل و حرکت رک گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں اس ادارے کا کہنا تھا،  ''ایچ آر سی پی کے پی (کیبر پختوانخوا) حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سیز فائر کے برقرار رہنے کو یقینی بنائے۔ تمام تنازعات خواہ وہ زمین کی وجہ سے ہوں یا فرقہ واریت کا شاخسانہ ہوں، انہیں تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی کے ساتھ کے پی حکومت کی طرف سے کرائے گئے مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔‘‘

پاک افغان سرحد پر واقع کرم کا علاقہ سکیورٹی کے لحاط سے ہمیشہ حساس سمجھا جاتا رہا ہےتصویر: Getty Images/AFP/B. Gilani

پاکستان ایک سنی اکثریتی ملک ہے، جہاں شیعہ افراد کو اکثر امتیازی سلوک اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کرم وفاق کے زیر انتظام سابقہ قبائلی علاقوں کا حصہ اور ایک نیم خودمختار علاقہ تھا، جسے سن 2018 میں صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کر دیا گیا تھا۔ یہ اقدام اس خطے کو ریاستی قانونی اور انتظامی دھارے میں تو لے آیا لیکن پولیس اور سکیورٹی فورسز کو اکثر اوقات یہاں قانون کی عملداری کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔

ش ر⁄ م ا (اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں