ضمانت پر رہا سلمان خان کی دبئی میں پرفارمنس
30 مئی 2015جمعے کے روز متحدہ عرب امارات میں عرب انڈو بالی ووڈ ایوارڈز کے پہلے سیزن کی تقریب میں سلمان خان اسٹیج پر پہنچے تو وہاں موجود حاضرین نے انہیں خوب سراہا۔ حاضرین میں اہم اور مشہور بھارتی اور عرب شخصیات موجود تھیں۔
یہ بات اہم ہے کہ سلمان خان کو ایک بھارتی عدالت نے رواں ماہ کے آغاز پر ہِٹ اینڈ اور رَن کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔ ان پر 13 برس قبل ایک شخص کو گاڑی سے ٹکر مار کر فرار ہو جانے کا الزام تھا۔ الزام کے مطابق سن 2002 میں ممبئی میں وہ شراب کے نشے میں دھت ہو کر گاڑی چلا رہے تھے اور انہوں نے فٹ پاتھ پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود ایک بے گھر شخص مارا گیا۔
اس تقریب میں سلمان خان اپنے اعلان کیے گئے وقت سے پانچ گھنٹے تاخیر سے پہنچے، جب کے ہال حاضرین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور لوگ ان کے منتظر تھے۔ حاضرین میں بھارتی ادکارہ ارواشی راتیلا اور اداکار و پروڈیوسر انیل کپور بھی موجود تھے۔ یہ تقریب صبح تک جاری رہی۔ سلمان خان نے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ساجد ناڈیا والا کو ان کی فلم ’کِک‘ پر پیش کیا۔
یہ بات اہم ہے کہ چھ مئی کو ایک بھارتی عدالت نے سلمان خان کو پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی۔ تاہم اس کے دو روز بعد ممبئی کی ہائی کورٹ نے اس سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے 49 سالہ اداکار سلمان خان کی سزا پر عمل درآمد روک دیا تھا اور انہیں ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ عدالت نے ان سے کہا تھا کہ بھارت سے باہر جانے کے لیے انہیں ایک خصوصی اجازت نامہ درکار ہو گا۔ منگل کے روز عدالت نے انہیں ان ایوارڈز میں شرکت کے لیے دبئی جانے کی اجازت دے دی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سلمان خان کی اپیل کی سماعت دو ماہ کے اندر اندر شروع ہو جائے گی۔