افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے غزنی میں طالبان کے ایک حملے میں کم از کم 12 مقامی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ حالیہ کچھ دنوں میں افغان فورسز کے خلاف طالبان کے حملوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے۔
اشتہار
خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے پولیس کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا اور حملہ آور اس عمارت میں داخل ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق طالبان کے حملے کے بعد مقامی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہو گیا، جو چھ گھنٹوں تک جاری رہیں۔ اس واقعے میں کم از کم دیگر 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
صوبائی کونسل کے رکن عصمت جماردول نے ڈی پی اے کو بتایا کہ طالبان کی کوشش تھی کہ ضلعی مرکز قارا باغ پر قبضہ کر لیں، تاہم سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں انہیں پسپا ہونا پڑا۔
جنوبی ایشیائی ممالک میں میڈیا کی صورت حال
رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے پریس فریڈم انڈکس 2018 جاری کر دیا ہے، جس میں دنیا کے 180 ممالک میں میڈیا کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے درجہ بندی کی گئی ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں میڈیا کی صورت حال جانیے، اس پکچر گیلری میں۔
تصویر: picture alliance/dpa/N. Khawer
بھوٹان
جنوبی ایشیائی ممالک میں میڈیا کو سب سے زیادہ آزادی بھوٹان میں حاصل ہے اور اس برس کے پریس فریڈم انڈکس میں بھوٹان 94 ویں نمبر پر رہا ہے۔ گزشتہ برس کے انڈکس میں بھوٹان 84 ویں نمبر پر تھا۔
تصویر: DJVDREAMERJOINTVENTURE
نیپال
ایک سو اسّی ممالک کی فہرست میں نیپال عالمی سطح پر 106ویں جب کہ جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر رہا۔ نیپال بھی تاہم گزشتہ برس کے مقابلے میں چھ درجے نیچے چلا گیا۔ گزشتہ برس نیپال ایک سوویں نمبر پر تھا۔
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/N. Maharjan
افغانستان
اس واچ ڈاگ نے افغانستان میں صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم اس برس کی درجہ بندی میں افغانستان نے گزشتہ برس کے مقابلے میں دو درجے ترقی کی ہے اور اب عالمی سطح پر یہ ملک 118ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں افغانستان تیسرے نمبر پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/Tone Koene
مالدیپ
اس برس کے انڈکس کے مطابق مالدیپ جنوبی ایشیا میں چوتھے جب کہ عالمی سطح پر 120ویں نمبر پر ہے۔ مالدیپ گزشتہ برس 117ویں نمبر پر رہا تھا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo(M. Sharuhaan
سری لنکا
جنوبی ایشیا میں گزشتہ برس کے مقابلے میں سری لنکا میں میڈیا کی آزادی کی صورت حال میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ سری لنکا دس درجے بہتری کے بعد اس برس عالمی سطح پر 131ویں نمبر پر رہا۔
تصویر: DW/Miriam Klaussner
بھارت
بھارت میں صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا، جس پر رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے تشویش کا اظہار کیا۔ عالمی درجہ بندی میں بھارت اس برس دو درجے تنزلی کے بعد اب 138ویں نمبر پر ہے۔
تصویر: DW/S. Bandopadhyay
پاکستان
پاکستان گزشتہ برس کی طرح اس برس بھی عالمی سطح پر 139ویں نمبر پر رہا۔ تاہم اس میڈیا واچ ڈاگ کے مطابق پاکستانی میڈیا میں ’سیلف سنسرشپ‘ میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/T.Mughal
بنگلہ دیش
جنوبی ایشیائی ممالک میں میڈیا کو سب سے کم آزادی بنگلہ دیش میں حاصل ہے۔ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی عالمی درجہ بندی میں بنگلہ دیش 146ویں نمبر پر رہا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Stache
عالمی صورت حال
اس انڈکس میں ناروے، سویڈن اور ہالینڈ عالمی سطح پر بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ چین 176ویں جب کہ شمالی کوریا آخری یعنی 180ویں نمبر پر رہا۔
9 تصاویر1 | 9
واضح رہے کہ حالیہ کچھ ہفتوں میں غزنی صوبے میں طالبان کی جانب سے منظم حملوں میں خاصی شدت پیدا ہوئی ہے۔ غزنی صوبے کی پارلیمان کے رکن عارف رحمانی نے حال ہی میں اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں کہا تھا کہ گزشتہ دو ماہ میں ان حملوں میں قریب پانچ سو سکیورٹی اہلکار مارے جا چکے ہیں۔
جمعے کو قندوز صوبے میں طالبان کے ایک حملے میں بھی 12 پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔ یہ بات اہم ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں قندوز اور غزنی کا ایک بڑا حصہ طالبان کے قبضے میں ہے۔