1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کے ساتھ امن مذاکرات، امریکی ایلچی پھر سے متحرک

1 فروری 2020

طالبان سے مذاکرات کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد پہلی فروری کو افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کی نئی امریکی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

Afghanistan Peace Talks
تصویر: picture alliance/AP Photo

افغانستان میں مصالحت کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد پاکستان کے دورے کے بعد افغانستان چلے گئے ہیں۔ کابل میں وہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ان ملاقاتوں کو افغانستان میں قیام امن اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کی تازہ امریکی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

کابل میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے زلمے خلیل زاد کے دورے کے بارے میں فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ صدر غنی سے ملاقات کے دوران کن امور پر گفتگو کی جائے گی۔

جنرل باجوہ سے بھی ملاقات

قبل ازیں دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقاتیں بھی کی گئی تھیں۔ ان ملاقاتوں کے بعد جمعے کے روز پاکستانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں طالبان کے ساتھ امن معاہدے کی حمایت کا عزم دہراتے ہوئے افغانستان میں تشدد کے واقعات میں کمی کے امریکی مطالبے کی تائید بھی کی گئی۔

زلمے خلیل زاد نے بھی طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ خلیل زاد افغانستان میں ''تشدد میں کمی کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے، (ان اقدامات) سے امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدے، انٹرا افغان مذاکرات اور پائیدار امن کے لیے ایک جامع اور مستقل سیز فائر کی راہ ہموار ہو گی۔‘‘

پاکستان نے فریقین کے مابین ماضی میں ہونے والے مذاکرات میں بھی کلیدی قردار ادا کیا تھا تاہم امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدے کے لیے گزشتہ کوششیں کامیاب نہیں ہو پائی تھیں۔ گزشتہ برس ستمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کو 'مردہ‘ قرار دے کر انہیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

اس کے بعد سے حالیہ دنوں تک مذاکرات کی موجودہ صورت حال کے بارے میں امریکی حکام کی جانب سے خاموشی دکھائی دے رہی تھی۔ تاہم اب زلمے خلیل زاد ایک مرتبہ پھر متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔

ش ح / ع ح (اے ایف پی، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں