1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طرابلس حکومت سے رابطے باقاعدہ مذاکرات نہیں، فرانس

12 جولائی 2011

فرانس نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساتھ بالواسطہ رابطوں سے معلوم ہوا ہے کہ لیبیا کے رہنما معمر قذافی اقتدار سے دستبردار ہونے پر تیار ہیں۔

تصویر: AP

فرانس کے اس مؤقف کو اس بات کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے کہ لیبیا کی حکومت اور نیٹو کے درمیان موجودہ بحران کا حل نکالنے کے لیے رابطے موجود ہیں۔

فرانسیسی وزیر خارجہ ایلاں ژوپے نے رابطہ کاروں کے بارے میں تفصیل بتائے بغیر کہا، ’’رابطہ کاروں کے بقول قذافی اقتدار سے رخصت ہونے پر تیار ہیں۔ اس لیے ہمیں اس بارے میں بات چیت کرنی چاہیے۔‘‘

نیٹو کے رکن ممالک اب تک اپنی توجہ لیبیا پر فضائی حملوں اور باغیوں کی حمایت پر مرکوز رکھے ہوئے تھے، لیکن لیبیا کے پانچ ماہ پرانے تنازعے کے حل کے لیے ابھی تک کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اس لیے نیٹو نے اب اس مسئلے کے سیاسی حل پر توجہ دینا شروع کر دی ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژوپے نے ’فرانس انفو‘ نامی سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ لیبیا کے تنازعے میں ہر کوئی ہر کسی کے ساتھ رابطے میں ہے۔

تصویر: picture alliance/dpa

ایلاں ژوپے کے مطابق لیبیا کی حکومت ترکی، نیو یارک ، پیرس سمیت ہر جگہ اپنے مندوبین بھیج رہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ صرف رابطے ہیں۔ ان رابطوں کو باقاعدہ مذاکرات نہیں کہا جا سکتا۔ خبر ایجنسی روئٹرز نے لکھا ہے کہ ایسے رابطہ کاروں کے بیانات کتنے قابل اعتماد ہیں، اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

اس سال فروری میں مصر اور تیونس میں حکمرانوں کے خلاف عوامی مظاہروں کے آغاز کے بعد لیبیا میں بھی عوام نے قذافی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر دی تھی۔ اس پر ملکی سکیورٹی فورسز نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا، جس میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں کے مطابق ہزاروں افراد مارے گئے تھے۔

نیٹو نے لیبیا کے خلاف اپنے فضائی مشن کا آغاز ایک ماہ بعد مارچ میں اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کی منظوری کے بعد کیا تھا۔ اس کا مقصد لیبیا کے شہریوں کا ت‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍حفظ تھا۔ اس دوران معمر قذافی نے یہ دعوے بھی کیے تھے کہ لیبیا میں باغی جرائم پیشہ عناصر اور القاعدہ کے دہشت گرد ہیں جبکہ نیٹو آپریشن لیبیا کا تیل چوری کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

تصویر: picture alliance/dpa

لیبیا میں مغربی ملکوں کے حمایت یافتہ مقامی باغی پیش قدمی تو کر رہے ہیں مگر اس پیش قدمی کی رفتار بہت سست ہے۔ اس دوران قذافی کی حامی فوجوں کو بھی پوری طرح غیر مؤثر نہیں بنایا جا سکا۔ پیر کی رات بندرگاہی شہر مصراتہ کے قریب قذافی کی فوجوں نے جنگجو باغیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کر کے کم از کم آٹھ باغیوں کو ہلاک اور پچیس کو زخمی کر دیا۔

کئی ماہرین کی رائے میں معمر قذافی اقتدار سے دستبردار ہونے پر صرف اسی صورت میں تیار ہو سکتے ہیں جب ان کے پاس کوئی اور راستہ باقی نہ رہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بھی ممکن ہے کہ قذافی کی طرف سے اب کیے جانے والے رابطے مغربی دنیا کے لیبیا مشن سے متعلق ارادوں میں کمزوری کے آثار کا نتیجہ ہوں۔

دوسری طرف کئی اہم نیٹو ممالک لیبیا کے ساتھ مذاکرات کے حق میں ہیں۔ لیبیا کے ہمسایہ ملک الجزائر کا دورہ کرنے والے اطالوی وزیر خارجہ فرانکو فراتینی نے آج منگل کے روز کہا کہ اس بارے میں مذاکرات ہونے چاہیئں۔ فرانکو فراتینی نے الجزائر کے روزنامہ الاخبار کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ’’ہم اس بات کے قائل ہیں کہ لیبیا کا بحران ایک سیاسی حل کا تقاضا کرتا ہے۔ اس حل کے تحت لڑائی کا خاتمہ ہونا چاہیے، قذافی کو رخصت ہونا ہو گا اور لیبیا میں حقیقی جمہوری عمل کے لیے ہر سطح پر جامع مکالمت لازمی ہو گی۔‘‘

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں