1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافریقہ

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ پر تیگرائی باغیوں کی حمایت کا الزام

20 نومبر 2020

ایتھوپیائی فوج کے سربراہ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس پرباغی علاقے تیگرائی کے رہنماوں کی حمایت کرنے اور ہتھیاروں کی خریداری میں مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

Äthiopien General Berhanu Jula PK
تصویر: DW/S. Muchie

ایتھوپیا کے فوجی سربراہ بیرہانو  جولا نے کہا ہے کہ تیگرائی سے تعلق رکھنے والے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس نے ٹیگرے پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کی حمایت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور تیگرائی خطے کو ہتھیاروں کے حصول میں بھر پور مدد کی۔ جولا نے تاہم ان الزامات کے سلسلے میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔

آرمی چیف آف اسٹاف جنرل بیرہانو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیڈروس نے ٹیگرے پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کی مدد کرنے میں ”کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی"، جس پارٹی کے خلاف ایتھوپیا کے وزیر اعظم آبے احمد کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں فوجی مہم کو نشانہ بنا رہی ہے۔ا نہوں نے مزید کہا ”یہ شخص اس گروپ کا رکن ہے اور ان کی مدد کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے۔"

ایتھوپیا کے آرمی چیف نے تاہم ٹی پی ایل ایف کے ساتھ ٹیڈروس کے تعلق کے علاوہ، جس کا سب کو علم ہے، اپنے الزامات کے سلسلے میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔

جنرل بیرہانو نے مزید کہا”آپ ان سے کیا توقع رکھ سکتے ہیں؟ ہمیں ان سے توقع نہیں ہے کہ وہ ایتھوپیا کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور مخالفین کی مذمت کریں گے کیونکہ وہ ان کی حمایت میں سب کچھ کر رہے ہیں اور ہمسایہ ممالک میں جنگ کی مذمت کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔"

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس نے فی الحال ان الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسستصویر: picture-alliance/dpa/KEYSTONE/S. D. Nolfi

خیال رہے کہ 55 سالہ ٹیڈروس کا تعلق ایتھوپیا کے تیگرائی علاقے سے ہے۔ وہ ٹی پی ایل ایف کی سربراہی میں قائم ہونے والی سابق قومی حکومت میں وزیر صحت رہ چکے ہیں۔ وہ پہلے افریقی ہیں جنہیں عالمی ادارہ صحت کا ڈائریکٹر جنرل بنایا گیا۔ مئی 2017 میں ڈبلیو ایچ او کا سربراہ بننے کے بعد انہیں دنیا بھر میں شہرت ملی اور کورونا وائرس وبا کے حوالے سے ان کے کام کو سراہا گیا۔

باغیوں نے  'سنگین جرائم‘ انجام دیے ہیں

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس کے خلاف یہ الزامات ایسے وقت عائد کیے گئے ہیں جب ایتھوپیائی حکومت نے کہا ہے کہ اس ہفتے تصادم شروع ہونے  کے بعد سے باغیوں نے 'سنگین جرائم‘ کا ارتکاب کیا ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 30000 سے زائد افراد کو پڑوسی ملک سوڈان کو ہجرت کرنی پڑی ہے۔

ایتھوپیائی حکومت نے اپنی رپورٹ میں مائی کدرا قصبے میں نسلی ہلاکتوں کے واقعات کا بھی حوالہ دیا ہے جس کا ذکر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس ہفتے اپنی رپورٹ میں کیا تھا۔

مبینہ حملے کے متاثرین نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اہلکاروں کو بتایا تھا کہ مقامی تیگرائی حکومت سے وابستہ ملیشیا نے درجنوں بلکہ سینکڑوں شہریوں کو ہلاک کردیا ہے۔ان میں سے بعض امہارا نسل سے تعلق رکھنے والے تھے۔

ٹی پی ایل ایف نے اس رپورٹ پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

تصادم ختم کرنے کی اپیل

دریں اثنا امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کے خارجہ پالیسی کے مشیر انٹونی بلینکین نے فریقین سے لڑائی روکنے اور خطے میں شہریوں کے حفاظت کرنے کی اپیل کی ہے۔

انٹونی بلینکین نے ٹوئٹر پر لکھا”انہیں ایتھوپیا میں انسانی بحران، نسلی تشدد کے واقعات اورعلاقائی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات سے متعلق خبروں پر گہری تشویش ہے۔"  انہوں نے مزید لکھا ہے”ٹی پی ایل ایف اور ایتھوپیائی حکام کو تصادم ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ انسانی وسائل تک رسائی اور شہریوں کی حفاظت ہوسکے۔"

وفاقی اور علاقائی حکومت میں اختلافات

خیال رہے کہ ایتھوپیا میں حالیہ ہفتوں کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ اتوار کو بینی شانگل۔گمز کے علاقے میں بندوق برداروں نے ایک بس پر حملہ کرکے 34 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

ایتھوپیا کی وفاقی حکومت نے پچھلے دو برسوں کے دوران متعدد ایسی اصلاحات کی ہیں جن کی وجہ سے تیگرائی کی علاقائی حکومت الگ تھلگ پڑ گئی ہے۔ تیگرائی کے حکام کا خیال ہے کہ وفاقی حکومت ان سے اقتدار چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔

2018میں آبے احمد کے ملک کا اقتدار سنبھالنے سے قبل تیگرائی پیپلز لبریشن فرنٹ پارٹی (ٹی پی ایل ایف) کی قیادت میں تیگرائیوں کا ایتھوپیا کی فوج اور سیاست پر دہائیوں تک غلبہ تھا۔آبے احمد نے حکمراں اتحاد کو ختم کر کے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک واحد قومی جماعت میں ضم کردیا تاہم ٹی پی ایل ایف نے اس میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

ستمبر میں کشیدگی میں اس وقت مزیدا ضافہ ہوگیا جب تیگرائی نے کورونا وائرس کی وبا کے سبب انتخابات پر عائد ملک گیر پابندی کو ماننے سے انکار کردیا۔ آبے حکومت نے اس فیصلے کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔

ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں