1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتجرمنی

عالمی حالات کے سبب جرمن تاجروں کے لیے کرسمس سیزن پریشان کن

24 دسمبر 2024

موجودہ عالمی صورت حال کے سبب جرمنی میں امسالہ کرسمس سیزن ملکی تجارتی شعبے کے لیے مجموعی طور پر اچھا رہنے کے بجائے پریشان کن رہا۔ ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ عام صارفین کی اپنی رقوم خرچ کرنے پر آمادگی بہت کم رہی۔

جرمن شہر ڈسلڈورف کے ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور میں کرسمس کے موقع پر خصوصی چاکلیٹس کا شعبہ
جرمن شہر ڈسلڈورف کے ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور میں کرسمس کے موقع پر خصوصی چاکلیٹس کا شعبہتصویر: Roland Weihrauch/dpa/picture alliance

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے کرسمس کے مسیحی تہوار سے صرف ایک دن قبل منگل 24 دسمبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق جرمن تجارتی شعبے، خاص کر چھوٹے تاجروں نے امید لگا رکھی تھی کہ اس سال ان کے کاروبار میں کرسمس کی روایتی خریداری کے باعث بہت تیزی آئے گی۔

جنگیں اور سیاسی بے یقینی

لیکن موجودہ بین الاقوامی صورت حال، خاص طور پر یورپ میں روسی یوکرینی جنگ، مشرق وسطیٰ میں غزہ کی جنگ اور اکثر ممالک میں اقتصادی شرح نمو بہت کم رہنے کے نتیجے میں، جرمن صارفین میں خریداری کا رجحان بھی متاثر ہوا۔ اس طرح جرمن ریٹیلرز اب کرسمس سیزن کے تقریباﹰ اختتام پر خوش ہونے کے بجائے پریشان ہیں کہ ان کی مجموعی کاروباری آمدنی توقعات کے مطابق نہ رہی۔

کرسمس کے موقع پر جرمن صدر کا خطاب اور اتحاد کی اپیل

گزشتہ برس جرمن تجارتی شعبے کو کرسمس سیزن میں سال رواں کی نسبت زیادہ آمدنی ہوئی تھیتصویر: Matthias Balk/dpa/picture alliance

ریٹیل ٹریڈنگ کے شعبے کی ملکی تنظیم جرمن ریٹیل ایسوسی ایشن (ایچ ڈی ای) کے صدر آلیکسانڈر فان پرین نے منگل کے روز کہا، ''دنیا میں ابھی تک جاری جنگوں اور جرمنی میں پائی جانے والی سیاسی بےیقینی کے باعث مجموعی ماحول اور صارفین کی سوچ دونوں غیر خوش کن ہیں۔‘‘

ٹک ٹاک ویڈیو میں حملے کی دھمکی، شمالی جرمنی میں ملزم گرفتار

آلیکسانڈر فان پرین نے کہا کہ اس سال جرمنی میں کرسمس کے سیزن میں تاجروں کو ہونے والی آمدنی 2023ء کے مقابلے میں کم رہی ہے اور وجہ یہ کہ عام صارین اپنی رقوم خرچ کرنے کے بجائے انہیں بچا رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

سال رواں کے بہترین اعداد و شمار کیا ہو سکتے ہیں؟

جرمن ریٹیل ایسوسی ایشن کو امید ہے کہ اگر افراط زر کے کاروبار پر اثرات کو نظر انداز بھی کر دیا جائے، تو بھی اس سال کرسمس سیزن کی مجموعی سیلز 'زیادہ سے زیادہ بھی‘ گزشتہ برس جتنی ہی ہو سکتی ہیں۔

اس سال جرمن صارفین کے شاپنگ سے متعلق رویے کھلے دل سے رقوم خرچ کرنے کے بجائے مالی احتیاط پسندی سے عبارت رہےتصویر: Daniel Bockwoldt/dpa/picture alliance

کرسمس مارکیٹ حملہ: چار ہلاکتیں، جرمن چانسلر ماگڈے برگ کے دورے پر

ایچ ڈی اے کے صدر نے صحافیوں کو بتایا، ''ذاتی طور پر ہمیں خدشہ ہے کہ امسالہ مجموعی آمدنی گزشتہ برس کے مقابلے میں کم رہے گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اگرچہ کرسمس سیزن میں تجارتی سرگرمیوں سے متعلق حتمی اعداد و شمار کچھ عرصے بعد سامنے آئیں گے، تاہم ''ہمارا اندازہ تھا کہ اس سال نومبر اور دسمبر میں جرمن ریٹیلرز کو ہونے والی آمدنی 121 بلین یورو (125.8 بلین ڈالر کے برابر) رہے گی۔‘‘

جرمنی میں موبائل فون کے ذریعے مالی ادائیگیوں کا بڑھتا رجحان

فان پرین کے مطابق جرمنی میں حکمران سیاسی اتحاد کے ٹوٹ جانے اور پھر اگلے سال فروری میں نئے عام انتخابات کے انعقاد کے فیصلے نے بھی ''خریداری کے عوامی رویوں‘‘ کو متاثر کیا ہے، ''لوگ بے یقینی کا شکار ہیں، اس لیے کہ وہ نہیں جانتے کہ 2025ء میں کیا ہو گا؟‘‘

کاسمیٹکس اور باڈی کیئر کے شعبے میں اس سال کرسمس سیزن کے دوران تاجروں کی آمدنی مقابلتاﹰ کچھ بہتر رہیتصویر: picture alliance/Caro Teich

جرمن ریٹیل ایسوسی ایشن کے مطابق چند تجارتی شعبوں میں، مثلاﹰ کاسمیٹکس، کھلونوں اور کتابوں کی فروخت سے ہونے والی آمدنی مقابلتاﹰ کچھ بہتر رہی۔

م م/ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں