1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی رہنماؤں کا منڈیلا کو خراج عقیدت

عاطف بلوچ6 دسمبر 2013

جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر نیلسن منڈیلا کی موت پر امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کے علاوہ دیگر ممالک کے رہنماؤں نے گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

Nelson Mandela tot
تصویر: picture-alliance/dpa

نوبل امن انعام یافتہ نیلسن منڈیلا پچانوے برس کی عمر میں جمعرات کو جوہانسبرگ میں واقع اپنے گھر پر انتقال کر گئے۔ ان کی موت نے نہ صرف جنوبی افریقہ بلکہ عالمی سطح پر سوگ اور رنج و غم کی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ ان کی موت پر عالمی رہنماؤں نے انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، ’’جتنا کہ کسی انسان سے توقع کی جا سکتی ہے، منڈیلا نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ اب ہم میں نہیں رہے اور ہم ایک انتہائی اچھی، حوصلہ مند اور متاثر کن شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں۔‘‘

امریکی صدر باراک اوباماتصویر: Jim Watson/AFP/Getty Images

یورپی یونین کے صدر ہیرمان فان رومپوئے نے اس افریقی رہنما کے انتقال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دور حاضر کی عظیم ترین سیاسی شخصیت تھے۔ یورپی کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسو کے بقول، ’’نیلسن منڈیلا نے اپنے عوام، ملک، براعظم اور دنیا کی تاریخ بدل دی۔‘‘ باروسو نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں مزید لکھا، ’’میں اس وقت خود کو منڈیلا کے اہل خانہ اور جنوبی افریقی عوام کے ساتھ محسوس کر رہا ہوں۔‘‘

یورپی پارلیمنٹ کے اسپیکر مارٹن شُلس نے کہا، ’’آج جنوبی افریقہ اپنے والد سے محروم ہو گیا ہے، دنیا نے ایک ہیرو کھو دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ منڈیلا ایک بہادر رہنما اور بہت سے لوگوں کے لیے ایک مثال تھے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے منڈیلا کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ایک عظیم روشنی بجھ گئی ہے۔ انہوں نے منڈیلا کو اپنے دور کا ہیرو قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ انہوں نے لوگوں کو جینے کی ایک نئی امید دی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے منڈیلا کو انصاف کی علامت اور ایک عظیم القامت شخصیت قرار دیا ہےتصویر: Reuters

اسی طرح سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، آئرش وزیر اعظم کینی، نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی اور کئی دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی منڈیلا کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بے مثال شخصیت قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے منڈیلا کو انصاف کی علامت اور ایک عظیم القامت شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا، ’’دنیا میں بہت سے لوگ انسانی عظمت کے لیے بے لوث محنت، آزادی اور برابری کی خاطر کی جانے والی منڈیلا کی کوششوں سے متاثر ہیں۔‘‘ بان کی مون کے بقول منڈیلا نے اپنی کوششوں سے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا۔ عالمی ادارے کے سربراہ کا مزید کہنا تھا، ’’ہمیں اس دنیا کو تمام افراد کی خاطر بہتر بنانے کے لیے منڈیلا کے عزم اور حکمت سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔‘‘

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں