عالمی شطرنج چیمپیئن شپ: فائنل میں آنند مسلسل آگے
2 مئی 2010عالمی چیمپیئن شپ کے اس فائنل میں ’’مدراس کے شیر‘‘ کہلانے والے 40 سالہ بھارتی کھلاڑی آنند کا مقابلہ بلغاریہ کے ویسیلن ٹوپالوف سے ہے، جن کے ساتھ اب تک ان کی تین گیمز ڈرا ہو چکی ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کے مابین کل بارہ گیمز پر مشتمل شطرنج کی عالمی چیمپیئن شپ کے فائنل کی ہفتے کو کھیلی گئی مجموعی طور پر چھٹی گیم بھی ایک روز پہلے پانچویں گیم کی طرح اتفاق رائے سے بے نتیجہ قرار دے دی گئی۔
اب تک چھ گیمز میں سے دو وشواناتھ آنند نے جیتی ہیں اور ایک ویسیلن ٹوپالوف نے۔ باقی تین گیمز کے بے نتیجہ رہنے کے باعث اب تک ٹوپالوف کے 2.5 پوائنٹس ہیں جبکہ وشواناتھ آنند اپنے 3.5 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں اپنے حریف پر مجموعی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کے مابین ساتویں گیم پیر کو کھیلی جائے گی، جب ان کے درمیان شطرنج کی بساط پر مہروں کے رنگ ایک بار پھر تبدیل ہو جائیں گے۔ تب بھارت سے تعلق رکھنے والے موجودہ عالمی چیمپیئن دوبارہ سفید مہروں کے ساتھ کھیلیں گے۔
وشواناتھ آنند پہلی مرتبہ 2007 میں عالمی چیمپیئن بنے تھے اور 2008 میں وہ اپنے اس اعزاز کا دفاع کرنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔ ان کے بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ حریف ٹوپالوف کو آنند کو چیلنج کرنے کا حق اس وقت حاصل ہوا تھا جب انہوں نے گزشتہ برس فروری میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے گیٹا کامسکی کو اس چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں ہرا دیا تھا۔
اس فائنل کے نتیجے میں شطرنج کا نیا عالمی چیمپیئن بننے والے کھلاڑی کو 1.2 ملین یورو یا قریب 1.6 ملین ڈالر مالیت کا نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ہارنے والے کھلاڑی کو آٹھ لاکھ یورو کی انعامی رقم ملے گی۔ شطرنج کی عالمی چیمپیئن شپ کا موجودہ فائنل 13 مئی تک جاری رہے گا۔
اس کھیل کے شائقین آنند اور ٹوپالوف کے مابین کھیلی جانے والی گیمز خاص طور پر اس فائنل مقابلے کے لئے بنائی گئی ویب سائٹ پر براہ راست بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کا پتہ ہے: www.anand-topalov.com
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: ندیم گِل