عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی فیشن ڈیزائنر پیئر کارداں کا انتقال
29 دسمبر 2020
عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی فیشن ڈیزائنر اور ارب پتی بزنس مین پیئر کارداں اٹھانوے برس کی عمر میں پیرس کے نواح میں انتقال کر گئے۔ انیس سو بائیس میں اٹلی میں پیدا ہونے والے کارداں کا پیدائشی نام پیئترو کونستانت کاردین تھا۔
تصویر: LLUIS GENE/AFP/Getty Images
اشتہار
کارداں کے اہل خانہ کے مطابق ان کا انتقال آج منگل 29 دسمبر کے روز فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں ایک ہسپتال میں ہوا۔ پئیر کارداں دو جولائی 1922ء کو اٹلی میں تریویزو کے علاقے میں پیدا ہوئے تھے اور ان کے والدین نے ان کا نام پیئترو کونستانت کاردین رکھا تھا۔
کارداں نے اپنے فیشن ہاؤس کی بنیاد 1950 میں رکھی تھی، جسے بعد کے عشروں میں اتنی ترقی ملی تھی کہ انہوں نے دنیا بھر میں اپنی کمپنی کی شاخوں اور فیشن ہاؤسز کی ایک پوری سلطنت کھڑی کر دی۔
ان کا شمار پاکو رابان اور آندرے کوریگس کے ساتھ ان شخصیات میں ہوتا ہے، جنہوں نے 1963ء میں فیوچرسٹک فیشن رجحانات کی بنیاد رکھی تھی۔
پیئر کارداں کے والد زرعی پس منظر کے حامل اور وائن کے ایک تاجر تھے اور وہ اپنے والدین کے سات بچوں میں سے سب سے چھوٹے تھے۔ پیئر کارداں کا خاندان اس دور کے فاشسٹ حکمرانوں سے بچنے کے لیے 1924ء میں اٹلی سے ترک وطن کے کر فرانس میں آباد ہو گیا تھا۔
دوسری عالمی جنگ کے دوران 1944ء میں جب نازیوں کے زیر قبضہ فرانس کو آزاد کرا لیا گیا تھا، تو انہوں نے پیرس میں فیشن ڈیزائنر کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا۔
ان کی ایک ڈیزائنر کے طور پر شہرت کا آغاز 1947ء میں اس وقت ہوا تھا، جب انہون نے ایک اور بین الاقوامی شہرت یافتہ فرانسیسی فیشن ڈیزائنر کرستیاں دِیئور کے لیے کام کرتے ہوئے خواتین کے لیے 'نیو لُک‘ ملبوسات ڈایزائن کیے تھے۔
پیئر کارداں نے اپنے جس کیریئر کا آغاز فیشن ڈیزائنر کے طور پر کیا تھا، اس کے نقطہ عروج پر وہ کئی شعبوں میں صارفین کے لیے بہت مہنگی اشیائے صرف اور اشیائے تعیش بنانے لگے۔ انہوں نے اپنی کاروباری زندگی میں بہت سی املاک خریدیں، جن میں انتہائی مہنگے ہوٹل، ریستوراں، میڈیا ادارے، محلات اور بحری جہاز تک شامل تھے۔
2007ء میں وہ 180 ممالک میں 800 کاروباری اداروں کے مالک تھے اور تب ان کے بزنس گروپ کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کی تعداد تقریباﹰ دو لاکھ بنتی تھی۔ وہ 850 سے زائد مصنوعات کے پیداواری لائسنسوں اور ان کے حقوق دانش کے مالک بھی تھے۔
پیئر کارداں 1991ء سے اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو کے خیر سگالی کے سفیر بھی تھے۔
م م / ا ب ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)
پاکستان میں ورچوئل فیشن ویک
دنیا بھر میں جاری کورونا وائرس کی وبا نے بہت سی بڑی تقریبات کا انعقاد ناممکن کردیا۔ ایسے میں پاکستان میں ورچوئل فیشن ویک کا انعقاد کیا گیا جس میں فیشن ڈیزائنرز نے محدود پیمانے پر اپنے تخلیق کردہ ملبوسات کی نمائش کی۔
تصویر: Catwalk
ڈیزائنر شمائل انصاری کا کورونا فیشن
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ماسک اور دستانے کے استعمال کو فیشن میں داخل کرنے کی یہ کوشش ڈیزائنر شمائل انصاری نے کی ہے۔
تصویر: Catwalk
مہرین سید ’لٹیرا‘ ساڑھی میں
معروف ماڈل مہرین سید نے جنریشن کے ڈیزائنر حارث مسعود کی’لٹیرا‘ کے نام سے پیش کی گئی رنگ برنگی ساڑھی اور بھاری زیورات سے مزین کلیکشن متعارف کروائی۔ تمام ماڈلز گھروں پر تیار ہوکر اور وہیں اپنے کپڑوں کی تصویر کشی کروالی۔
تصویر: Catwalk
ندا ازور کا روایتی مشرقی لباس
نامور ماڈل فہمین انصاری نے ندا ازور کے تیار کردہ خالص مشرقی روایتی لباس کو کھلی فضاء میں پیش کیا۔ کیٹ واک کی فریحہ الطاف جنہوں نے یہ فیشن ویک تخلیق کیا ان کا کہنا تھا کہ اب ڈیجیٹل ہی مستقبل ہے جس کی جانب یہ پہلا قدم ہے۔
تصویر: Catwalk
ثانیہ مسکتیا کی ’یارا‘
علیشہ خان گھر کی بالکونی میں ثانیہ مسکتیا کی نسبتاً سادہ اور گرمیوں کی مناسبت سے تیار کردہ ’یارا‘ پیش کرتے ہوئے۔ کسی ماڈل نے گھر کے گیراج کو چنا تو کسی نے بالکونی کو، اس طرح کوئی برآمدے یا راہداری میں محدود رہا۔
تصویر: Catwalk
علی ذیشان کی تخلیق ’لہنگا چولی‘
عالمی شہرت یافتہ ماڈل مشک کلیم سیاہ لہنگے اور شفاف چولی میں ملبوس گھر کی راہداری میں۔ یاد رہے کہ یہ ورچوئل فیشن ویک عید کے دنوں میں ہونا تھا مگر پی آئی اے کے طیارہ حادثے کی وجہ سے اس ملتوی کردیا گیا تھا۔
تصویر: Catwalk
مشک کلیم اور گلاب کا پھول
علی ذیشان ہی کی گرمیوں کے لیے دوسری تخلیق ایک سادہ، گلاب کے پھولوں سے سجی سفید قمیض جس کی نمائش مشک نے گھر کی کھڑکی سے لگ کر کی۔
تصویر: Catwalk
حسنین لہری کا سیاہ پوش لباس
اسماعیل فرید کے بنائے اس سر تا پا سیاہ لباس میں ایوارڈ یافتہ ماڈل حسنین لہری، گھر کے دالان میں ان منفرد انداز میں۔
تصویر: Catwalk
عاصم جوفا کے روایتی مشرقی پہناوے
ماڈل فاطمہ حسن نے روایتی مشرقی لباس جسے عاصم جوفا نے، اس موقع کے لیے بطورِ خاص تیار کیا تھا، پیش کرنے کے لیے بیٹھک کا انتخاب کیا۔
تصویر: Catwalk
ماڈل روبینہ خان کا رنگا رنگ انداز
مشہور ڈیزائنر برینڈ ’کھاڈی‘ نے اس بار لوک انداز کے رنگ برنگے بہیمین انداز کا نتخاب کیا جسے ماڈل روبینہ خان نے پیش کیا۔
تصویر: Catwalk
ماہین کریم کی تخلیق ’پری زاد‘
دہلیز پر لی گئی اس تصویر میں ماڈل راحمہ علی ماہین کریم کا بنایا ہوا براق لباس پیش کر رہی ہیں جسے سونے کے زیورات کے ساتھ مزید خوبصورت انداز دیا گیا ہے۔