1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی معیشت کی ترقی : خطرات میں اضافہ

11 ستمبر 2010

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے خبردار کیا ہے کہ عالمی سطح پر اقتصادی بحالی کے عمل کو درپیش خطرات شدید ہو گئے ہیں۔ اس کی بڑی وجوہات قرضوں کی منڈی میں غیر معمولی اتارچڑھاؤاور مالیاتی شعبے کی کمزوری بتائی جاتی ہے۔

جی20 کے نائب وزراء خزانہ کے لئے تیارکردہ IMFکی ایک بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ سال رواں کی پہلی ششماہی میں عالمی اقتصادی ترقی کی شرح عمومی توقعات سے تھوڑی سی زیادہ رہی۔ تاہم اس سال جولائی سے لے کی دسمبر تک اور 2011کی پہلی ششماہی میں یہی ترقی تکنیکی وجوہات کی بنا پر سست رفتار رہے گی۔

مالیاتی فنڈ نے بیس کے گروپ کے لئے تیار کردہ اس دستاویز میں یہ بھی کہا ہے کہ یورپی یونین کے مالیاتی سیاسی اقدام سے بین الاقوامی منڈیوں میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ ان اقدامات کی وجہ یونین کی یورو زون میں شامل ریاستوں میں قرضوں کی منڈی کی صورتحال بہتر بنانا تھا۔

عالمی سطح پر اقتصادی بحالی کے عمل کو درپیش خطرات شدید ہو گئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa M

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اس دستاویز میں عالمی معیشت کو درپیش خطرات میں اضافے کی ایک وجہ امریکہ میں پراپرٹی مارکیٹ کی صورتحال بھی بتائی ہے۔ کہا گیا ہے کہ امریکی پراپرٹی مارکیٹ میں نظر آنے والی غیر یقینی صورتحال معاشی بہتری کے لئے درکار قرضوں کی دستیابی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

IMF نے اس دستاویز میں جی 20 سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ان ریاستوں کو مستقبل میں اپنے ہاں بجٹ میں خسارے کو لازمی طور پر کم کرنا چاہئے ۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ماہرین نے اس دستاویز میں یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ اگر عالمی معیشت میں ترقی کی شرح بہت زیادہ متاثر ہونے کا امکان شدید ہو گیا، تو جی20 ریاستوں کو فوری طور پر مالیاتی نوعیت کے اقدامات کرنا ہوں گے۔

عالمی معیشت میں ترقی کی شرح بہت زیادہ متاثر ہونے کا امکانتصویر: picture-alliance/dpa

اس کے علاوہ ان ملکوں کو اپنے سالانہ بجٹ خسارے میں کمی سے متعلق اقدامات کرتے ہوئے شاید یہ بھی کرنا پڑے کہ بے روزگار افراد کو دی جانے والی مراعات اور سماجی سطح پر شہریوں کی ادائیگیاں کم کر دی جائیں۔

بیس کے گروپ کے ارکان کا عالمی معیشت میں کردار بہت نمایاں ہے۔ آئی ایم ایف کی یہ دستاویز جنوبی کوریا میں ہونے والے ایک حالیہ اجلاس کے سلسلے میں تیار کی گئی، جس کی تفصیلات پہلی مرتبہ منظرعام پر آئی ہیں۔

رپورٹ : عصمت جبیں

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں