عالمی ٹیکس قوانین: ’انقلاب‘ چند ہفتوں میں، جرمن وزیر خزانہ
26 مئی 2021
جرمن وزیر خزانہ اولاف شولس نے کہا ہے کہ بڑی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں کی طرف سے کم سے کم لازمی کارپوریٹ ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق موجودہ عالمی قوانین میں ’انقلابی تبدیلیوں‘ پر اتفاق رائے اب چند ہی ہفتوں کی بات ہے۔
اشتہار
جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وفاقی جرمن وزیر خزانہ شولس پُرامید ہیں کہ بڑے بڑے بین الاقوامی کاروباری اداروں پر مختلف ممالک میں لگائے جانے والے مختلف شرح کے ٹیکسوں سے متعلق عالمگیر سطح پر ایک 'بڑی پیش رفت‘ کی صورت میں اتفاق رائے چند ہفتوں کے اندر اندر ہو سکتا ہے۔
اولاف شولس نے اپنے فرانسیسی ہم منصب برُونو لمیئر کے ساتھ مل کر بدھ چھبیس مئی کے روز ایک ورچوئل نیوز کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا، ''یہ نئے عالمی قوانین صرف کم از کم گلوبل کارپوریٹ ٹیکس کا احاطہ ہی نہیں کریں گے بلکہ ان کے ذریعے متعلقہ ممالک کی قومی سرحدوں سے باہر تک ڈیجیٹل خدمات پیش کرنے والے کاروباری اداروں سے ٹیکسوں کی وصولی کے معاملات بھی حل کر لیے جائیں گے۔‘‘
جرمن وزیر خزانہ نے کہا، ''ہم عنقریب اپنی منزل پر پہنچنے والے ہیں۔ جی ٹوئنٹی، جی سیون اور تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی کی طرف سے ہر سطح پر مذاکرات تقریباﹰ ہر روز جاری ہیں۔‘‘
شولس نے فرانسیسی وزیر خزانہ کے ساتھ مل کر مزید کہا، ''میں بہت پُر امید ہوں کہ آئندہ صرف چند ہی ہفتوں میں ہم انٹرنیشنل کارپوریٹ ٹیکسوں کی ادائیگی میں انقلاب پر متفق ہو جائیں گے۔ ان تبدیلیوں میں کم از کم گلوبل کارپوریٹ ٹیکس بھی شامل ہو گا اور ان میں ٹیکسوں کی وصولی کے حقوق کا بھی نئے سرے سے تعین کر دیا جائے گا۔‘‘
م م / ع ا (روئٹرز، ڈی پی اے)
جرمنی: سن 2019 میں ٹیکس ادا کرنے والوں کے پیسے کا بڑا ضیاع
چوہوں کے لیے پُل، چوری شدہ سہنرا گھونسلا اور سولر فلاور پلانٹ ایسے بڑے منصوبے ہیں جنہیں پیسے کا ضیاع قرار دیا گیا ہے۔ ان کو جرمن عوام کے ٹیکس کے استعمال کی سالانہ رپورٹ’’ بلیک بُک‘‘ میں شامل کیا گیا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Schutt
سائے میں شمسی توانائی کا پھول
ہر سال جرمن شہری اپنے ادا شدہ ٹیکس رقوم کے ضیاع پر ’بلیک بُک ‘نامی ایک رپورٹ شائع کرتے ہیں۔ اس میں ناپسندیدہ منصوبوں کی تفصیل شامل کی جاتی ہے۔ رواں برس کی بلیک بک میں تھیورنگیا کی وزارت ماحولیات کا شمسی توانائی کا وہ پھول بھی شامل ہے جسے سائے میں کھڑا کیا گیا ہے۔ وزارت نے اس منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شمسی توانائی کے حصول کے لیے نہیں تیار کیا گیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Schutt
چوہوں کے لیے پُل
جنوبی جرمن شہر پاساؤ میں ایک سڑک کی تعمیر کے دوران ایسا قدرتی علاقہ استعمال میں لایا گیا جہاں چھوٹے چوہے اِدھر اُدھر پھرا کرتے ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے چوہوں کے نقل و حرکت بحال رکھنے کے لیے سڑک کے اوپر ایک پل تعمیر کر دیا۔ عام لوگوں کے نزدیک اس پل کی تعمیر ناقابل فہم ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Schreiter
سلامتی کا خطرناک راستہ
پاساؤ میں چوہوں کے لیے تعمیر کیا جانے والا پُل حیران کن بھی ہے۔ سڑک کے دوسری جانب جانے کے لیے کسی بھی چوہے کو پہلے سات میٹر (تیئیس فٹ) اوپر پہنچ کر بیس میٹر لمبا پل پار کرنا ہوتا ہے۔ اس پل پر ترانوے ہزار یورو کا خرچ آیا ہے۔ بلیک بُک مرتب کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ایسا امکان کم ہے کہ کسی ایک چوہے نے یہ پل عبور کیا ہو گا۔
تصویر: idowa.de
چوری شدہ مگر سنہرا
برلن کے ایک اسکول کی ایک قیمتی شے وہ پرندے کا سنہرا گھونسلا تھا جو اب چوری ہو چکا ہے۔ اس گھونسلے کی تیاری میں خالص سونے کی چوہتر باریک شاخوں کا استعمال کیا گیا اور اس کو ایک نہ ٹوٹنے والے شیشے کے کیس میں رکھا گیا۔ اس آرٹ ورک پر ساڑھے بانوے ہزار یورو خرچ ہوئے تھے۔ چور اس گھونسلے کو تیسری کوشش میں اڑانے میں کامیاب رہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/L. Vossen
جرمنی میں موٹر وے ٹیکس کا ناکام منصوبہ
بلیک بُک میں رواں برس کے دوران جرمن موٹرویز پر ٹیکس جمع کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس منصوبے کو نافذ کرنے کا ابتدائی فیصلہ کر لیا گیا تھا لیکن یورپی عدالتِ انصاف نے اسے امتیازی منصوبہ قرار دے دیا۔ جرمن وزیر ٹرانسپورٹ آندریاس شوئر نے تعمیر کے ٹھیکے پر دستخط بھی کر دیے تھے۔
جرمنی کے مغربی حصے میں نیول ٹریننگ کی اشتہاری مہم سے معلوم ہوا کہ اس مقصد کے لیے استعمال میں لائی جانے والی کشتی کی تزئین و آرائش پر ایک لاکھ پینتیس ہزار یورو خرچ کیے گئے۔ جرمن وزارت دفاع کے آڈیٹرز نے اس منصوبے پر سخت تنقید کی ہے۔ بلیک بُک کے مرتبین کے مًطابق جتنی رقم آرائش و تزئین پر خرچ کی گئی ہے، اس میں ایک نئی کشتی بن سکتی تھی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Rehder
سیاہ گوش (بِلا) کی حفاظت کا پراجیکٹ
مغربی جرمنی میں ایک جانور سیاہ گوش کے تحفظ کے منصوبے پر بھی سخت نکتہ چینی کی گئی۔ اس مقصد کے لیے مختص ستائیس لاکھ یورو میں سے زیادہ تر انتظامی و دفتری امور پر خرچ کر دیے گئے۔ اس جانور کی حفاظت کرنے والی تنظیم کا موقف ہے کہ سیاہ گوش کا تحفظ اہم ہے لیکن اس کے لیے جرمنی اور یورپی یونین میں لاگو قانونی تقاضوں کو پورا کرنا بھی اہم تھا۔
تصویر: picture-alliance/blickwinkel/R. Sturm
رنگ سازی کا پلان جو مکمل نہیں ہوا
رواں برس کے اوائل میں ہینوور شہر کی انتظامیہ نے امریکی اسکلپچر الیگزانڈر کالڈر کے ایک ڈیزائن کو رنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس منصوبے میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ باڑ بنانا بھی شامل تھا۔ اس مقصد کے لیے ڈیزائن کو جلد از جلد رنگ کرنا تھا تاہم شہری انتظامیہ کی جانب سے پیشگی اجازت حاصل نہ کرنے کی وجہ سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا۔ ہر چیز وہیں رہی لیکن چودہ ہزار یورو خرچ ہو گئے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Schuldt
مہنگی غلطیاں
رواں برس جرمن ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں مائنز سمیت تین شہروں میں بلدیاتی انتخابات کرائے گئے۔ انتخابات کے لیے چھاپے گئے بیلٹ پیپرز میں امیدواروں کے ناموں میں ٹائپنگ کی بہت غلطیاں تھیں۔ دوبارہ سے پانچ لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ ایک امیدوار الیگزانڈرا (Alexandra) کا نام اکسنڈرا (Aexandra) چھاپا گیا تھا۔ اس سارے عمل پر اسی ہزار ہزار یورو خرچ ہوئے۔
تصویر: picture alliance / dpa
مہنگی پارٹی
شمالی شہر پاپن برگ کی انتظامیہ نے ایک قدیمی مکان پر پارٹی کا انتظام کیا۔ اس پر تیس ہزار یورو خرچہ آیا۔ یہ خرچہ مختص بجٹ کے دوگنا سے بھی زائد تھا۔ ڈھائی سو افراد کو ٹیکس ادا کرنے والوں کی رقوم پر عیاشی کرائی گئی۔