1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’عالمی کرکٹ کپ‘، آسٹریلیا کیوں فیورٹ ہے؟

عدنان اسحاق5 فروری 2015

کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سر فہرست ٹیم آسٹریلیا اس مرتبہ کے عالمی کپ کی فیورٹ ٹیم خیال کی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ اس ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

تصویر: picture-alliance/John Gollings/Arcaid

کرکٹ کا عالمی کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی میں 14 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ دنیا کے خطرناک ترین بالر مشل جانسن اور بہترین بلے بازوں میں سے ایک اسٹیو اسمتھ کے ساتھ آسٹریلیا اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسول جیسے کھلاڑی بھی ہیں، جو کسی بھی میچ کا کسی بھی وقت پانسہ اپنی ٹیم کے حق میں پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کپتان مائیکل کلارک بھی ہیں، جو انتہائی تجربہ کار کپتان ہیں۔

آسٹریلیا کو اپنا پہلا میچ کلارک کے بغیر ہی کھیلنا پڑ سکتا ہے کیونکہ وہ ابھی تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہو سکے ہیں۔ تاہم امید ہے کہ کلارک 21 فروری کو برسبین میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں میدان میں اتر سکیں گے۔

آسٹریلیا اس سے قبل 1999ء، 2003ء اور 2007ء میں کرکٹ کا عالمی کپ جیت چکا ہےتصویر: AP

33 سالہ کلارک ساڑھے سات ہزار سے زائد رنز کے ساتھ آسٹریلیا کی موجودہ ٹیم کے سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ 2007ء کا عالمی کپ جیتنے والی ٹیم میں بھی وہ شامل تھے۔ اگر وہ مقررہ وقت تک مکمل طور پر صحت یاب نہ ہو سکے تو ٹیم کی ذمہ داری نائب کپتان جورج بیلی کے کندھوں پر ہو گی۔

اس کے علاوہ آل راؤنڈر جیمز فولکنر بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہو سکے ہیں۔ اس صورتحال میں اگر آسٹریلیا کی ٹیم کا بالنگ کا توازن بگڑا تو اسے کچھ میچوں میں پارٹ ٹائم بالرز پر بھروسہ کرنا پڑے گا۔ اسپنر خاویر ڈوہیرتھے بھی ٹیم میں شامل ہیں تاہم اگر انہیں زیادہ میچوں میں شامل نہ کیا گیا تو میچ کے درمیانی اووروں میں آسٹریلیا کو مخالف ٹیم کے رنز روکنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بہرحال ایک بات تو واضح ہے کہ آسٹریلیا ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ راؤنڈ تک باآسانی پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ اس ٹیم کی گزشتہ کئی ایک روزہ میچوں میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہ ٹیم اپنے کسی بھی مخالف کو شکست سے دوچار کر سکتی ہے۔

آسٹریلیا اس سے قبل 1999ء، 2003ء اور 2007ء میں کرکٹ کا عالمی کپ جیت چکا ہے جبکہ 2011ء میں اس ٹیم کو کوارٹر فائنل مقابلوں میں باہر ہونا پڑ گیا تھا۔ آسٹریلیا اپنا پہلا میچ 14 فروری کو انگلینڈ کے خلاف میلبورن میں کھیلے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں