1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان

طارق سعید، لاہور7 جنوری 2015

گیارہویں عالمی کپ کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مصباح الحق، جس پندرہ رکنی ٹیم کی قیادت کریں گے، اس میں حیران کن طور پر فاسٹ باؤلر سہیل خان اور احسان عادل کو شامل کیا گیا ہے۔

ICC Cricket World Cup 2015 (Team Pakistan)
تصویر: DW

سہیل خان اور احسان عادل سمیت ٹیم میں جگہ بنانے والے سات کھلاڑی ایسے ہیں، جو پہلی بار عالمی کپ کھیلیں گے۔ ٹیم میں پانچ فاسٹ باؤلر، پانچ مڈل آرڈر بیٹسمین، دو اوپنر اور ایک وکٹ کیپر کے علاوہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بننے والے اکلوتے آل راؤنڈر شاہد آفریدی اپنا پانچواں عالمی کپ کھیلیں گے۔ یونس خان کا یہ چوتھا، محمد حفیظ کا تیسرا جبکہ مصباح الحق ، عمر اکمل، احمد شہزاد اور جنید خان کا یہ دوسرا عالمی کپ ہوگا۔

چیف سلیکٹر معین خان نے بدھ کی دوپہر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کیا۔ معین خان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز نے پسند ناپسند کی بجائے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے حالات اور حریف ٹیموں کی قوت، کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کو سامنے رکھتے ہوئے لگن سے ایسی ٹیم تشکیل دی ہے، جس سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کے علاوہ باؤلنگ آل راؤنڈرز بلاول بھٹی اور انور علی کو نظر انداز کیے جانے کی بابت معین خان کا کہنا تھا کہ ہم نے عالمی کپ کے پیش نظر اسپیشلٹ کا انتخاب کیا ہے۔ چیف سلیکٹر کے بقول وکٹ کیپر سرفراز احمد تیسرے اوپنر ہوں گے۔

تیس سالہ سہیل خان کی چار برس بعد پاکستان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ پاکستانی قبائلی علاقے مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے سہیل خان نے رواں سال پورٹ قاسم کے لیے کھیلتے ہوئے مقامی کرکٹ میں چونسٹھ فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کی ہیں۔ معین خان کا کہنا تھا کہ سہیل کی شمولیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہم نے ٹیم کے انتخاب میں اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کا بھی احترام کیا ہے۔

تجربہ کار کامران اکمل اور شعیب ملک سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہیں کر سکے۔ اس بارے میں چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ سعید اجمل اور محمد حفیظ پر آئی سی سی کی پابندی کے بعد سلیکشن کمیٹی نے شعیب ملک کے نام پر غور کیا مگر حارث سہیل کی حالیہ کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں شعیب ملک پر ترجیح دی گئی۔

معین خان کا کہنا تھا کہ حارث سہیل اور صہیب مقصود جیسے کھلاڑی انیس سو بانوے کی طرح اس ورلڈ کپ میں بھی اپنا لوہا منوا کر مستقبل کے ہیرو بن سکتے ہیں۔ عالمی کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ تیرہ سے ستّرہ جنوری تک لاہور میں لگے گا جبکہ ٹیم عالمی کپ کے لیے اکیس جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔

منتخب پندرہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں ۔ مصباح الحق ﴿کپتان﴾، احمد شہزاد، محمد حفیظ، سرفراز احمد ﴿وکٹ کیپر﴾، یونس خان، عمر اکمل، صہیب مقصود، حارث سہیل، شاہد آفریدی، محمد عرفان، جنید خان، سہیل خان، وہاب ریاض، یاسر شاہ اور احسان عادل ٹیم میں شامل ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں