1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عبوری فائر بندی ختم، غزہ پر اسرائیل کے فوجی حملے شروع

1 دسمبر 2023

اسرائیل اور حماس کے درمیان عبوری فائر بندی کسی توسیع کے بغیر ساتویں روز ختم ہو گئی۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جمعے کو غزہ میں کارروائیاں شروع کرنے کے حوالے سے اطلاعات ہیں جب کہ حماس نے فائر بندی میں توسیع کا عندیہ دیا تھا۔

فائر بندی ختم ہوجانے کے بعد غزہ کی پٹی میں ایک اسرائیلی فوجی
فائر بندی ختم ہوجانے کے بعد غزہ کی پٹی میں ایک اسرائیلی فوجیتصویر: Israel Defense Forces/REUTERS

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعے کوکہا ہے کہ اس نے غزہ پٹی میں حماس کے خلاف لڑائی دوبارہ شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج نے عسکریت پسند گروپ حماس پر فائر بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے اور اسرائیلی علاقے کی طرف فائرنگ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اسرائیل نے کیا کہا؟

آئی ڈی ایف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے، "حماس نے آپریشنل وقفے کی خلاف ورزی کی، آئی ڈی ایف نے غزہ کی پٹی میں دہشت گرد تنظیم حماس کے خلاف فوجی کارروائی بحال کردی ہے۔"

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس کے صحافیوں نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ سٹی میں متعدد حملے کیے ہیں۔

اسرائیل اور حماس جمعہ تک فائر بندی میں توسیع پر متفق

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے غزہ کی طرف سے اسرائیل میں داغے گئے ایک راکٹ کو تباہ کردیا۔ اسرائیل کے مطابق حماس کا یہ اقدام فائر بندی کی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔

غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ جمعے کے روز رفح شہر پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم چھ فلسطینی ہلاک ہو گئےتصویر: Ahmad Hasaballah/Getty Images

حماس فائر بندی میں توسیع کے لیے تیار

حماس نے اسرائیلی فوج کے بیان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن اس سے قبل اس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ فائربندی کی مدت میں توسیع کے لیے تیار ہے۔

غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعے کے روز غزہ کے جنو ب میں واقع رفح شہر پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم چھ فلسطینی ہلاک ہوگئے، ان میں دو بچے شامل ہیں۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیاروں نے نچلی پروازیں بھی کی ہیں اور شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک گھر کو نشانہ بھی بنایا جبکہ مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

فائربندی میں وقفہ ختم

سات اکتوبر کو عسکریت پسند تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے اور اس کے جواب میں غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے درمیان گزشتہ جمعے کو چار روزہ عبوری فائر بندی کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں پہلے دو روز اور پھر مزید ایک دن کا اضافہ کیا گیا۔ اس طرح یہ فائربندی سات دنوں تک جاری رہی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ہر دس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں فائر بندی میں ایک روز کی توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فائر بندی کے دوران، حماس، جسے بعض ممالک دہشت گرد قرار دیتے ہیں، نے ایک سو سے زائد اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا۔ اس کے بدلے میں اسرائیل نے 240 قیدیوں کو رہا کیا جن میں بیشتر خواتین اور بچے تھے۔

غزہ میں عبوری فائر بندی کو مستقل جنگ بندی میں بدلنے پر زور

اقوام متحدہ نیز عالمی برداری نے فائر بندی میں مزید توسیع اور اسے مکمل جنگ بندی میں تبدیل کرنے کی اپیل کی تھی۔ لیکن اسرائیلی ڈیفنس فورسز(آئی ڈی ایف) نے آج جمعہ کو غزہ پر فوجی حملے دوبارہ شروع کر دینے کا اعلان کیا۔

ویسٹ بینک میں پرتشدد نقل مکانی کے خوف میں جیتے فلسطینی

05:18

This browser does not support the video element.

ج ا /  ص ز /      (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں