1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق سے واپسی پر امریکی فوجیوں کے سر بلند ہیں، اوباما

15 دسمبر 2011

عراق میں موجود آخری امریکی دستوں میں شامل بعض فوجی وطن لوٹ گئے ہیں۔ بدھ کو صدر باراک اوباما نے ان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ تنازعے کو انجام تک پہنچانا غیرمعمولی کامیابی ہے۔

امریکی صدر باراک اوباماتصویر: dapd

شمالی کیرولینا کے ایٹی سیون ایئربورن ڈوژن کے مرکز پر فوجیوں سے خطاب میں اوباما نے کہا کہ جنگ کو شروع کرنے کے مقابلے میں اسے ختم کرنا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں سے نکلتے ہوئے آخری دستوں میں شامل امریکی فوجیوں کے سر بلند ہیں۔

امریکی فوج عراق میں اپنے پیچھے نو لاکھ مقامی فوجی چھوڑ رہی ہے، جسے امریکی اور عراقی حکام نے اندرون ملک سلامتی کے امور سنبھالنے کے قابل قرار دیا ہے۔ تاہم اس فورس کو ملکی سرحدوں، فضائی اور سمندری حدود کے تحفظ کی اہل خیال نہیں کیا جاتا۔

رواں ماہ عراق میں تعینات ماندہ امریکی فوجیوں کا انخلاء طے ہے۔ اس تناظر میں عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے رواں ہفتے پیر کو واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کی تھی۔ اس وقت وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ عراق جنگ ختم ہو چکی ہے اور فوجی اب گھر لوٹ رہے ہیں۔

المالکی دورہ امریکہ کے موقع پر باراک اوباما کے ساتھ آرلنگٹن نیشنل سیمٹری (قبرستان ) بھی گئے تھے، جہاں عراق جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے تقریباﹰ ساڑھے چار ہزار امریکی فوجیوں میں سے بیشتر کی آخری آرام گاہیں ہیں۔ اس جنگ میں ہزاروں عراقی بھی ہلاک ہوئے۔

جنگ کے ایام میں عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد پونے دو لاکھ کے قریب تھیتصویر: AP

جنگ کے ایام میں وہاں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد تقریباﹰ ایک لاکھ ستّر ہزار تھی۔ باراک اوباما نے وطن لوٹنے والے فوجیوں سے بدھ کو خطاب میں کہا کہ عراق بلاشبہ زبردست جگہ نہیں ہے لیکن امریکی فوجی اپنے پیچھے ایک آزاد اور مستحکم ملک چھوڑ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی فوجیوں کی جانب سے تربیتی مشن کے حوالے سے عراق اور امریکہ کے درمیان طویل عرصےسے جاری مذاکرت عراق میں موجود امریکی فوجیوں کو مقدمات سے استثنیٰ دینے کے معاملے پر ناکام ہو چکے ہیں۔ پھر بھی فریقین کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی مستقبل میں فوجی تبادلوں کے موضوع پر بات چیت کر رہے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں