1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق میں امریکی قونصل خانہ بند

29 ستمبر 2018

امریکا نے ایران نواز عسکری گروہوں کی جانب سے دھمکیوں کے تناظر میں عراقی شہر بصرہ میں قائم اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان ’دھمکیوں‘ کا جواب بعد میں دیا جائے گا۔

USA l US-Konsulat in Basra soll geschlossen werden l Mike Pompeo - Iran Summit
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/M. Brochstein

جمعے کے روز امریکا نے مظاہروں سے متاثرہ عراقی شہر بصرہ میں اپنے قونصل خانے کی بندش کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام ایران نواز عسکری گروپوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد کیا گیا۔ امریکی بیان میں تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ ان دھمکیوں کا جواب بعد میں دیا جائے گا۔

سعودی عرب میں دہشت گردی، ایک مشتبہ بمبار پاکستانی

ترکی میں بڑھتا تشدد، امریکی قونصل خانے پر بھی حملہ

یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب تہران اور واشنگٹن حکومتوں کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ رواں برس کے وسط میں امریکا نے ایرانی جوہری ڈیل سے نکلنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے خلاف ایک مرتبہ پھر سخت ترین پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں بصرہ میں امریکی قونصل خانے کو موصول ہونے والی دھمکیوں کے تناظر میں ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عراق یا کسی بھی مقام پر کسی بھی امریکی شہری یا امریکی تنصیب پر حملے کی ذمہ دار تہران حکومت ہو گی، ’’چاہے ایسے کسی حملے میں ایرانی فورسز ملوث ہوں یا ان سے وابستہ عسکریت پسند گروپ۔‘‘

پومپیو کا کہنا تھا، ’’میں نے واضح کر دیا ہے کہ ایران کو معلوم ہونا چاہیے کہ امریکا ایسے کسی بھی حملے کی صورت میں فوری اور مناسب انداز سے جواب دے گا۔‘‘

امریکا نے عراق میں فعال ایران نواز عسکری گروہوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ راکٹ یا کسی توپ کی مدد سے ’بالواسطہ‘ طور پر بصرہ کے امریکی قونصل خانے کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ امریکا نے ان الزامات کے تناظر میں تاہم کوئی ثبوت یا شواہد پیش نہیں کیے۔

یہ بات اہم ہے کہ رواں برس عراقی دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں ایک راکٹ حملہ ہوا تھا۔ اسی علاقے میں امریکی سفارت خانہ، عراقی پارلیمان اور دیگر حکومتی عمارتیں بھی ہیں۔ تاہم اب تک کسی امریکی تنصیب کو کسی حملے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

’تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، امریکا پاکستانی تحفظات سمجھے‘

03:01

This browser does not support the video element.

پومپیو نے کہا کہ عراق میں امریکی فوجیوں اور تنصیبات کے حوالے سے ’دھمکیوں اور نفرت انگیزی کی مہم میں اضافہ دیکھا گیا ہے‘۔

بتایا گیا ہے کہ قونصل خانے کی بندش عارضی طور پر کی گئی ہے اور وہاں موجود امریکی اہلکاروں کو دیگر مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ونٹر چیز، ع ت، م م

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں