عظیم ڈریوڈ کا انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع
9 مارچ 201239 سالہ راہول شرد ڈریوڈ نے ریٹائرمنٹ کا یہ اعلان بنگلور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا، جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ BCCI کے صدر این سری نواسن اور سابق بھارتی لیگ اسپنر انیل کمبلے بھی موجود تھے۔ ڈریوڈ بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے پہلے سینئر کھلاڑی ہیں، جنہوں نے ملک سے باہر بھارتی ٹیم کی پے در پے آٹھ شکستوں کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں ڈریوڈ نے ایک پہلے سے لکھا ہوا بیان پڑھا اور کہا: ’’مَیں بین الاقوامی اور قومی سطح کی فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا چاہتا ہوں۔ مَیں نے بھارت کے لیے سولہ برس پہلے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ مَیں محسوس کرتا ہوں کہ آگے بڑھنے کے لیے اب میرے لیے وقت مناسب ہے۔ میرا وقت بہت شاندار گزرا لیکن اب نوجوان کھلاڑیوں کی نئی نسل کا وقت ہے کہ وہ آگے آ کر تاریخ رقم کرے اور بھارتی ٹیم کو اور بھی آگے لے کر جائے۔‘‘ ڈریوڈ نے یہ بھی کہا کہ وہ اب زیادہ وقت اپنے خاندان کو دینا چاہیں گے۔
ڈریوڈ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے تھے۔ وہ گیارہ جنوری 1973ء کو پیدا ہوئے۔ اُنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 1996ء میں لارڈز کے تاریخی میدان سے انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے کیا۔ اُسی برس اُنہوں نے اپنا پہلا وَن ڈے میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔ اُن کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کے سلسلے کا پہلا میچ بھی 2011ء میں انگلینڈ ہی کے خلاف تھا۔
ڈریوڈ نے مجموعی طور پر 164 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں اُنہوں نے 52.31 کی اوسط سے 13,288 رنز بنائے، جن میں 36 سنچریاں اور 63 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کا سب سے زیادہ اسکور 270 رنز تھا۔
اپنے کیریئر کے دوران ڈریوڈ نے 344 وَن ڈے میچوں میں بارہ سنچریوں اور 83 ہاف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 10,889 رنز اسکور کیے۔ وَن ڈے کرکٹ میں اُن کا سب سے زیادہ اسکور 153 تھا۔ وہ اپنے کیریئر میں صرف ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے، جس میں اُنہوں نے اکتیس رنز بنائے۔
ڈریوڈ نے اپنے شاندار کیریئر میں کئی ریکارڈ قائم کیے، جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ ٹیسٹ کا درجہ رکھنے والے تمام ملکوں میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ یعنی 210 کیچ کرنے کا ریکارڈ بھی اُنہی کے پاس ہے۔ وہ سچن تندولکر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
اگرچہ ڈریوڈ نے انٹرنیشنل فرسٹ کلاس کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے تاہم وہ انڈین پریمیئر لیگ IPL کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، جہاں وہ ریٹائر ہو جانے والے آسٹریلوی کھلاڑی شین وارن کی جگہ راجستھان رائلز کی قیادت کریں گے۔
رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے
ادارت: حماد کیانی