1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی خاتون وائس چانسلر

جاوید اختر، نئی دہلی
23 اپریل 2024

پروفیسر نعیمہ خاتون نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ وہ برصغیر کے اس معروف تعلیمی ادارے کی 123سالہ تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی
علی گڑھ مسلم یونیورسٹیتصویر: Hindustan Times/Imago Images

 

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی بر بنائے عہدہ، وزیٹر بھارتی صدر دروپدی مرمو کی توثیق اور بھارتی الیکشن کمیشن کی بعض شرائط کے بعد وزارت تعلیم نے پروفیسر نعیمہ خاتون کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کردیا ہے۔ یہ عہدہ سابق وائس چانسلر طارق منصور کے استعفی کی وجہ سے ایک سال سے خالی پڑا تھا۔ منصور استعفی دینے کے بعد ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی میں شامل ہو گئے اور پارٹی نے انہیں اترپردیش میں قانون ساز کونسل کا رکن بنا دیا۔

بھارت: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مودودی اور سید قطب کی کتابیں نصاب سے خارج

بھارت: علی گڑھ کا نام تبدیل کرنے کی کارروائی شروع

بھارتی وزارت تعلیم کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق نعیمہ خاتون کی مدت کار ان کے عہدہ سنبھالنے کے دن سے پانچ سال یا ان کی عمر ستر برس ہونے تک، جو بھی پہلے ہو، ہوگی۔

نعیمہ خاتون علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 123سالہ تاریخ میں پہلی خاتون وائس چانسلر ہیں، حالانکہ 1920میں اس تعلیمی ادارے کی پہلی چانسلر بھی ایک خاتون بیگم سلطان جہاں تھیں، جو اس وقت غیر منقسم بھارت میں بھوپال ریاست کی نواب تھیں۔ ان کے بعد آج تک کوئی بھی خاتون اس عہدے پر فائز نہیں ہوسکیں۔

بی جے پی کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے پروفیسر نعیمہ خاتون کو وائس چانسلر بننے پر مبارک باد دی ہے۔

پروفیسر نعیمہ تیسری سینٹرل یونیورسٹی کی وائس چانسلر

پروفیسر نعیمہ خاتون کو وائس چانسلرکے عہدے پر فائز کیے جانے کو بھارت میں خواتین کو با اختیار بنانے کی کوششوں کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔

نعیمہ خاتون بھارت کی تیسری خاتون وائس چانسلر ہیں جنہیں کسی سینٹرل یونیورسٹی میں اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔ دھولی پوڑی پنڈت اس وقت دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی وائس چانسلر ہیں جب کہ پروفیسر نجمہ اختر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر کے طورپر اپنی ذمہ داریوں سے گزشتہ برس سبکدوش ہوئی ہیں۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مودی کو مدعو کرنے کا تنازعہ

بھارت کے تين مسلم تعليمی ادارے، دنيا بھر ميں اپنی مثال آپ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ رابطہ عامہ کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر راحت ابرار نے اس حوالے سے بتایا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو یہ اعزا ز حاصل رہا ہے کہ اس ادارے سے تعلیم یافتہ چار خواتین ملک کی مختلف یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر رہی ہیں۔ ان میں پروفیسر انور جہاں زبیر(کالی کٹ یونیورسٹی)، پروفیسر نیلما گپتا (کانپور اور ساگر یونیورسٹی)، پروفیسر نجمہ اختر (جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور اب پروفیسر نعیمہ خاتون، اپنے مادر علمی کی پہلی وائس خاتون وائس چانسلر بن گئی ہیں۔

تقرری تنازع سے پاک نہیں

یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کی دوڑ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فیکلٹی آف میڈیسن کے سابق ڈین پروفیسر مظفر عروج ربانی،  چانکیہ نیشنل لا یونیورسٹی پٹنہ کے پروفیسر فیضان مصطفی بھی شامل تھے۔ تاہم قرعہ فال پروفیسر نعیمہ خاتون کے نام نکلا، جو سن 2016 سے فی الوقت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وومنز کالج کی پرنسپل تھیں۔

علی گڑھ یونیورسٹی میں طلبہ پر تشدد اور جے شری رام کے نعرے

نعیمہ کی امیدواری کو نومبر 2023 میں الہ آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ ان کا نام شارٹ لسٹ، یونیورسٹی کے کارگذار وائس چانسلر اور ان کے شوہر محمد گلریز کی سربراہی والی کمیٹی نے کیا تھا لہذا ان کے نام پر غور نہیں کیا جانا چاہئے۔ تاہم عدالت نے اس درخوست کو مسترد کردیا۔ درخواست دہندگان نے اسے ایک بار پھر چیلنج کیا اوریہ معاملہ ابھی زیر التوا ہے۔

دریں اثنا ملک میں قومی انتخابات کی وجہ سے مثالی ضابطہ اخلاق کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اس شرط پر نعیمہ خاتون کی تقرری کو منظور ی دی ہے کہ اس سے کسی طرح کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی جائے گی۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو سرسید احمد خان نے قائم کیا تھاتصویر: Murali Krishnan/DW

کون ہیں پروفیسرنعیمہ خاتون؟

نعیمہ خاتون نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز اگست 1988میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں لکچرر کے طور پر کیا۔ وہ سن 1998میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سن 2006 میں پروفیسر بنائی گئیں۔ وومنز کالج میں پرنسپل کی تقرری سے پہلے انہوں نے سائیکالوجی ڈپارٹمنٹ کی چیئرپرسن کے طورپر خدمات انجام دیں۔

انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں مختلف حیثیتوں سے بھی خدمات انجام دیں۔

نعیمہ خاتون نے سیاسی نفسیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے افریقہ کے روانڈانیشنل یونیورسٹی میں بھی تعلیمی خدمات انجام دیں۔

نعیمہ خاتون کئی کتابوں کی مصنفہ بھی ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں